
شہر قئد کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق جبکہ بچی زخمی ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق بلدیہ ٹاؤن یوسف گوٹھ گلی نمبر 36 میں ایک گھر کے اندر فائرنگ کے نتیجے میں 24 سالہ خاتون عائشہ جاں بحق ہو گئیں۔
لاش کو ضابطے کی کارروائی کیلئے سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔۔ایس ایچ او سعید آباد ادریس بنگش کے مطابق واقعہ مبینہ طور پر ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے تاہم مزید تفتیش جاری ہے۔
مزید پڑھیں: کراچی فائرنگ کے مختلف واقعات میں 3 افراد زخمی
ادھر بلدیہ سیکٹر 3 سی میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 10 سالہ کرن دختر علاؤالدین زخمی ہوگئی۔
جسے ریسکیو ٹیم نے فوری طور پر سول اسپتال کے ٹراما سینٹر منتقل کر دیا، جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے، ایدھی حکام کے مطابق گولی بچی کی گردن پر لگی ہے۔
دوسری جانب کورنگی مہران ٹاؤن میں فارماسیوٹیکل کمپنی کے باہر ڈیوٹی پر تعینات سیکیورٹی گارڈ کے اپنے ہی اسلحے سے چلنے والی گولی خود سیکیورٹی گارڈ کو جا لگی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔
مزید پڑھیں: کراچی فائرنگ کے مختلف واقعات میں 2 افراد زخمی
ریسکیو اہلکاروں نے زخمی گارڈ کو فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گیا۔
کورنگی صنعتی ایریا پولیس کے مطابق سیکیورٹی گارڈ نے خود کو گولی مار کر خودکشی کی تاہم تاحال وجوہات سامنے نہیں آسکی ہیں۔
ہلاک سیکیورٹی گارڈ کے اہل خانہ سے رابطہ کیا جارہا ہے جبکہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جارہی ہے۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔