
حج 2025 کی تیاریوں کے حوالے سے اجلاس مکمل ہوگئے ہیں اور کراچی ایئرپورٹ پر مخصوص کاؤنٹرز پر عازمین حج کے لیے سعودی امیگریشن کلیئرنس کارروائی 29 اپریل کو شروع ہوگی اور اس کے لیے روڈ ٹو مکہ پروگرام کے تحت سعودی امیگریشن ٹیم کراچی پہنچ گئی ہے۔
ترجمان پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی کے مطابق حال ہی میں جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی کے لیے مختص سعودی امیگریشن حکام اسلام آباد سے کراچی پہنچے جہاں ایئرپورٹ انتظامیہ نے ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔
انہوں نے بتایا کہ روڈ ٹو مکہ پروگرام کے تحت سعودی امیگریشن ٹیم جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 8 مخصوص کاونٹرز پر عازمین حج کے لیے سعودی امیگریشن کلیئرنس کی کارروائی 29 اپریل سے شروع کرے گی، جو کراچی سے پہلی حج پرواز کی روانگی کے ساتھ ہی شروع ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام کے ذریعے عازمین کی سعودی عرب آمد کے بعد کا امیگریشن عمل روانگی سے پہلے ہی مکمل ہو جائے گا۔
قبل ازیں سعودی امیگریشن ٹیم کا 45 رکنی وفد پاکستان پہنچا تھا، جس کا اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پرتپاک استقبال کیا گیا، سعودی ٹیمیں اسلام آباد اور کراچی ایئرپورٹس پر موجود ہوں گی اور عازمین حج کی سعودی امیگریشن کارروائی پاکستان میں مکمل کریں گی۔
دریں اثنا اسلام آباد، ملتان اور پشاور ایئرپورٹس پر پری حج 2025 کے اجلاس کامیابی سے مکمل ہو چکے ہیں۔
ترجمان پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے بتایا کہ تمام اداروں نے عازمین کی سہولت اور سیکیورٹی کے بہترین انتظامات کے ساتھ کامیاب حج آپریشن کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔