پہلگام واقعہ، چین نے پاکستان کی حمایت کا اعلان کردیا

پاکستان کے سیکیورٹی خدشات کو سمجھتے اور خودمختاری و سلامتی کے تحفظ کی کوششوں کی بھرپور حمایت کرتے ہیں،چینی وزیر خارجہ


ویب ڈیسک April 28, 2025
چین نے روپے کی قدر میں استحکام کے لیے قرضہ دینے کا فیصلہ کیا۔ فوٹو : فائل

اسلام آباد:

چین نے پہلگام واقعے کے معاملے پر پاکستان کی حمایت کا اعلان کردیا۔

چین کے وزیر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ہم پاکستان کے جائز سیکیورٹی خدشات کو مکمل طور پر سمجھتے ہیں اور پاکستان کی خودمختاری و سلامتی کے مفادات کے تحفظ کی کوششوں کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔

انہوں نے پہلگام میں پیش آنے والے حالیہ واقعے کی منصفانہ اور بروقت تحقیقات کی حمایت کا بھی اعادہ کیا۔ 

چینی وزیر خارجہ پاکستان اور بھارت دونوں پر زور دیا کہ وہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں اور مسائل کے حل کے لیے بات چیت کے راستے کو اپنائیں۔

واضح رہے کہ چار روز قبل مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں ایک واقعہ پیش آیا جس میں مسلح افراد کی فائرنگ سے 26 سیاح ہلاک ہوگئے تھے۔ بھارت نے اس واقعے کا بے بنیاد الزام پاکستان پر عائد کرتے ہوئے سندھ طاس معاہدے کو معطل اور مختلف اقدامات اٹھائے تھے۔

جواب میں پاکستان نے بھی بھرپور حکمت عملی اپناتے ہوئے بھارت سے ہر قسم کی تجارت، پاکستانی فضائی حدود کو بھارتی ایئرلائنز کے لیے مکمل بند جبکہ بھارتی سفارت کاروں کو ناپسندیدہ قرار دیتے ہوئے ملک چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔

پہلگام میں پیش آئے حملے کے بعد پاکستان نے عالمی سطح پر غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیش کش کی اور اس حوالے سے مؤثر سفارت کاری کرتے ہوئے دنیا بھر کے وزرائے خارجہ سے نائب وزیر اعظم نے رابطہ کر کے صورت حال سے آگاہ کیا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں