جنوبی وزیرستان: وانا میں امن کمیٹی کے دفتر پر بم دھماکا، 7  افراد جاں بحق، 29 زخمی

وانا میں بازار میں نامعلوم دہشت گردوں نے امن کمیٹی کے دفتر کو بم دھماکے سے اڑا دیا، پولیس


ویب ڈیسک April 28, 2025

خیبر پختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان کے وانا بازار میں امن کمیٹی دفتر کے دفتر پر بم دھماکا کیا گیا جس کے نتیجے میں 7  افراد جاں بحق اور 29 زخمی ہوگئے۔

رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا پولیس نے کہا ک جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں بازار میں نامعلوم دہشت گردوں نے امن کمیٹی کے دفتر کو بم دھماکے سے اڑا دیا۔

،ڈیسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال وانا کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ جنوبی وزیرستان وانا میں بم دھماکے میں اب تک کی اطلاعات کے مطابق 7 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، دھماکے میں 29 افراد زخمی ہیں۔ 

معمولی زخمیوں کو طبی امداد دے کر اسپتال سے فارغ کردیا گیا جب کہ شدید زخمیوں کو ڈیرہ اسمعیل خان منتقل کیا گیا۔

پولیس نے کہا کہ دھماکے کے بعد کئی افراد ملبے تلے دب گئے، ریکسیو انتظامیہ نے ملبے تلے دبے افراد کو نکال کر اسپتال منتقل کیا۔

مشیر صحت کے پی احتشام علی نے دھماکے کی مذمت کی اور کہا کہ اب تک 7 افراد کی لاشیں وانا اسپتال لائی جاچکی ہیں، اسپتال میں 15 زخمیوں کو بھی لایا گیا، اسپتال میں زخمیوں کا علاج ایمرجنسی بنیادوں پر جاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسپتال میں ایمرجنسی ڈکلئیر کردی گئی ہے، اسٹاف کی چھٹیاں معطل کی گئی ہیں، تمام زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دی جارہی ہے۔

معصوم لوگوں کی جانوں سے کھیلنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں،  محسن نقوی

وفاقی وزیرداخلہ محسن  نقوی نے وانا میں امن کمیٹی کے دفتر کے قریب دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کےضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔

محسن نقوی نے کہا کہ معصوم لوگوں کی جانوں سے کھیلنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں،  بزدلانہ کارروائیاں قوم کے پختہ عزم کو کمزور نہیں کر سکتیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں