نوشکی میں تیل کے ٹرک میں دھماکے سے 40 سے زائد افراد زخمی، اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ

حادثے کے دوران شہریوں کو جائے وقوع سے ہٹانے کےلئے موجود 4 پولیس اہلکار بھی جھلس کر زخمی ہوئے ہیں


ویب ڈیسک April 28, 2025

بلوچستان کے ضلع نوشکی میں ٹرک اڈہ کے قریب آگ لگنے کے بعد تیل سے بھرے ٹرک میں دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں متعدد افراد جھلس کر زخمی ہوگئے۔

رپورٹ کے مطابق آگ بجھاتے ہوئے فائر بریگئیڈ کی گاڑی کو بھی آگ لگ گئی۔

ریسکیو ذرائع نے کہا کہ آگ لگنے سے متعدد افراد جھلس کر زخمی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد کی فراہمی کے لیے اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔

اسپتال ذرائع نے بتایا کہ ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد شدید زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کیاجائے گا۔

رپورٹ کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے ایک بیان میں کہا کہ دھماکے میں 40 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ ٹرک اڈہ میں کھڑے آئل ٹینکر کی ٹینکی میں لگی آگ پر قابو پانے کی کوششوں کے دوران واقعہ پیش آیا۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق فائر بریگیڈ کا عملہ قریب ہونے کے باعث جھلس کر شدید زخمی ہوا،

اس کے علاوہ شہریوں کو جائے وقوع سے ہٹانے کےلئے موجود 4 پولیس اہلکار بھی جھلس کر زخمی ہوئے ہیں، آئل ٹینکر کے قریب موجود افراد 70 سے 80 فیصد جھلس گئے۔

ضلع انتظامیہ کے مطابق جھلس کر زیادہ زخمی ہونیوالے شہریوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے کوئٹہ منتقل کیا جائے گا۔

بلوچستان حکومت کے ترجمان شاہد رند نے کہا کہ نوشکی میں ٹرک میں آگ بھڑک اٹھنے کا افسوسناک ہوا، آگ کی شدت سے موقع پر موجود فائر بریگیڈ کی گاڑی بھی متاثر ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حادثے میں 30 سے زائد افراد کے جھلسنے کی اطلاعات ہیں، زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد سول اسپتال اور بی ایم سی منتقل کیا جاررہا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ، متاثرہ افراد کو طبی امداد فراہم کی جاررہی ہے جبکہ واقعے کی تحقیقات کے لئے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کردیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں