
پاکستان رینجرز (سندھ) اور کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کارپوریشن سائٹ ایریا میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی واٹر کنکشنز اور پمپنگ اسٹیشنز کو مسمار کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی نشاندہی پر کارروائی کرتے ہوئے حبیب بینک چورنگی کے قریب زیرِ زمین سرنگ کے ذریعے 33 انچ کی مین لائن سے 6 اور 8 انچ کے 3 غیر قانونی کنکشنز نکال کر پانی چوری کرکے مختلف فیکٹریوں کو فروخت کیا جا رہا تھا۔
اس عمل کے باعث علاقہ مکین شدید پانی کی قلت کا شکار تھے۔ ترجمان واٹر بورڈ کے مطابق ان غیر قانونی کنکشنز کے ذریعے یومیہ تقریباً 22 لاکھ 70 ہزار 600 گیلن پانی چوری کیا جا رہا تھا، جس سے ادارے کو روزانہ 11 لاکھ روپے سے زائد کا مالی نقصان برداشت کرنا پڑ رہا تھا۔
سندھ رینجرز اور واٹر بورڈ حکام نے موقع پر تمام غیر قانونی کنکشنز اور پمپنگ اسٹیشن کو مکمل طور پر ختم کر دیا۔ کارروائی کے دوران ملوث عناصر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
سندھ رینجرز اور واٹر اینڈ سیوریج بورڈ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ پانی چوری کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی اور کراچی کا پانی صرف کراچی کے شہریوں تک پہنچے گا۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔