فلم’’مردانی‘‘ کی پروموشن کا آغاز جھانسی سے کرنا چاہتی ہوں رانی مکھرجی

’’مردانی‘‘ کا مرکزی کردار بھی خاتون ہے اور جھانسی کی رانی لکشمی بائی بہادری میں خواتین کیلیے ایک مثالی حیثیت۔۔۔، گفتگو

رانی 20 سال بعد اپنے آبائی شہر جھانسی کی ان گلیوں میں بھی جائیں گی جہاں ان کا بچپن گزرا، فلم میں وہ پولیس افسر کا کردار ادا کر رہی ہیں۔ فوٹو: فائل

معروف اداکارہ رانی مکھرجی اپنی آنے والی فلم ''مردانی'' کے پروموشن کے لیے جلد ہی مختلف بھارتی شہروں کا دورہ کرنے والی ہیں لیکن ساتھ ہی یہ پتہ چلا ہے کہ وہ اپنے اس دورے کا آغاز اترپردیش کے شہر جھانسی سے کرنا چاہتی ہیں۔

رانی کے مطابق چونکہ فلم ''مردانی'' کا مرکزی کردار خاتون ہے اور جھانسی کی رانی لکشمی بائی بہادری میں خواتین کے لیے مثالی حیثیت رکھتی ہیں اس لیے وہ جھانسی سے اپنی مہم کا آغاز یہاں سے کرنا چاہتی ہیں۔''مردانی'' میں رانی نے ایک پولیس افسر کا رول ادا کیا ہے۔ فلم 22 اگست کو ریلیز ہونے والی ہے۔ یہ ان کی شادی کے بعد پہلی فلم ہے جو ریلیز ہو رہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ جھانسی اداکارہ کا آبائی شہر بھی ہے اور رانی مکھر جی قریباً 20 برس بعد اپنے آبائی شہر کا دورہ کرنے والی ہیں۔


فلم کے ترجمان نے بتایا کہ اس سلسلے میں اداکارہ نے جھانسی شہر کے مختلف تاریخی علاقوں میں جانے کا پروگرام بھی ترتیب دے دیا ہے جب کہ اس دوران وہ فلم کے مضبوط کردار کی طرح ہی خود کو عوام کے سامنے لانے کے لیے پرعزم ہیں۔ جھانسی کا دورہ رانی مکھرجی کے لیے کچھ خاص ہوگا کیونکہ رانی مکھر جی اس دوران ان گلیوں میں بھی جائیں گی جہاں اس نے اپنے بچپن کے دن گھوم پھر کر گزارے ہیں۔ رانی مکھر جی اپنی اس نئی فلم ''مردانی '' میں ایک پولیس افسر کا کردار ادا کر رہی ہیں اور فلم مردانی ایک مضبوط اور خواتین کے حوالے سے حوصلہ مند فلم ہوگی جس میں انسانی اسمگلنگ کے حوالے سے کافی حساس پہلو اجاگر کیے گئے ہیں۔

رانی مکھر جی اپنے کیریئر میں شادی سے پہلے ''راجا کی آئے گی بارات '' اور بلاک بسٹر فلم ''کچھ کچھ ہوتا ہے'' میں اپنی فنی صلاحیتوں کا بھی مظاہرہ کر چکی ہیں جن پر انھیں فلم فیئر ایوارڈ کے ساتھ ساتھ کئی دیگر ایوارڈز سے بھی نوازا جا چکا ہے' 2012ء میں فلم ''تلاش: دی آنسر لائیز ود ان '' میں بھی بیسٹ سپورٹنگ ایکٹریس کا فلم فیئر ایوارڈ حاصل کرچکی ہیں۔
Load Next Story