اسٹریٹ چائلڈ فٹبالرز نے یورپی شائقین کے دل بھی جیت لئے

ناروے کے ٹاپ کلبز کیخلاف شاندار کارکردگی کی وجہ سے آرگنائزرز نے آئندہ برس بھی اسٹریٹ چائلڈ کو شرکت کی دعوت دیدی،

پیرس کے ٹاپ کلب کی جانب سے دوستانہ میچ کھیلنے کی آفر بھی ملی ہے،منیجر فوٹو: فائل

KARACHI:
پاکستانی اسٹریٹ چائلڈ فٹبالرز نے یورپی شائقین کے بھی دل جیت لیے ۔ناروے کپ میں شاندار کارکردگی کے بعد ایک فرنچ کلب نے بھی دوستانہ میچ کھیلنے کی دعوت دیدی، پاکستانی نژاد نارویجین وزیر اسکواڈ کو پارلیمنٹ کا دورہ کرائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق برازیل میں منعقدہ اسٹریٹ چائلڈ ورلڈ کپ میں شاندار کارکردگی کی بدولت پاکستانی ٹیم نے دنیا بھر کے شائقین کو اپنا گرویدہ بنا لیا ہے، پلیئرز نے ناروے کپ انتظامیہ کی دعوت پر ایونٹ میں شرکت کی اور لیگ میچز میں بہترین کلب ٹیموں کو شکست دی لیکن کوارٹر فائنل میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔


ٹیم منیجر عرفان مقبول نے نمائندہ ''ایکسپریس ٹریبیون'' سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کوارٹر فائنل میں تھکن کی وجہ سے شکست ہوئی کیونکہ ہمیں ایک ہی دن میں 2 میچز کھیلنے پڑے۔ انھوں نے بتایا کہ ناروے کے ٹاپ کلبز کیخلاف شاندار کارکردگی کی وجہ سے آرگنائزرز نے آئندہ برس بھی شرکت کی دعوت دیدی، انھوں نے کہاکہ ناروے کے لوگوں کی خواہش ہے کہ پاکستان کی نیشنل ٹیم بھی یورپی ٹیموں سے مقابلے کے قابل ہو جائے۔ ناروے کپ کے آرگنائزر راجہ ناصر حسین نے کہاکہ پاکستانی کھلاڑیوں کو اچھا کھیلتے دیکھ کر بہت خوشی ہوئی، یہاں 50 ہزار پر پاکستانی نژاد افراد آباد ہیں، وہ ان 16کھلاڑیوں کو صرف فٹبالرز ہی نہیں بلکہ قومی ہیروز تصور کرتے ہیں، یورپ میں کوئی یہ سوچ بھی نہیں سکتا کہ کوئی پاکستانی ٹیم یہاں آکر ٹاپ کلبز کو شکست دے سکتی ہے۔

اسٹریٹ چائلڈ کھلاڑی اعصابی طور پر انتہائی مضبوط اور کھیل کی بہترین تکنیک سے مالا مال ہیں، انھوں نے یہاں کے لوگوں کے دل جیت لیے، ساتھ ہی مقامی افراد میں پائے جانے والے اس تاثر کو بھی زائل کردیاکہ پاکستانی صرف کرکٹ ہی کھیل سکتے ہیں۔ ناصر حسین نے بتایا کہ ناروے میں پاکستانی نژاد وزیر مدثر نے ٹیم کو پارلیمنٹ میں ساتھ وقت گزارنے کی دعوت دی ہے، دوسری طرف پاکستانی سائیڈ کو پیرس کے ایک کلب نے دوستانہ میچ کھیلنے کی پیشکش کی جسے قبول کرلیا گیا، ٹیم7اگست کو فرانس میں صلاحیتوں کا مظاہرہ کرے گی۔
Load Next Story