چوہدریوں کے کندھے پرفساد کی سیاست کرنے والا کینیڈا بھاگنے والا ہے پرویز رشید

عمران خان، چوہدری پرویزالہٰی اور ڈاکٹر طاہر القادری امن کی ذمہ داری لیں ہم دہشتگردوں سےنمٹ لیں گے، وفاقی وزیر اطلاعات


ویب ڈیسک August 03, 2014
مسلم لیگ کے بزرگوں نے لانگ مارچ اور توڑ پھوڑ سے نہیں بلکہ پاکستان کو ایک جمہوری جدوجہد سے حاصل کیا ہے، سینیٹر پرویز رشید فوٹو: فائل

وفاقی وزیراطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان، ڈاکٹر طاہر القادری اور چوہدری پرویز الٰہی نے پرویز مشرف کے ریفرنڈم کی حمایت کی تھی یہی افراد آج ایک بار پھر اکٹھے ہوگئے ہیں۔ چوہدریوں کے کندھے پرفساد کی سیاست کرنے والا کینیڈا بھاگنے والا ہے۔

راولپنڈی میں جشن آزادی کے سلسلے میں ہونے والی پرچم کشائی کی ایک تقریب کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ ہمارے بزرگوں نے لانگ مارچ اور توڑ پھوڑ سے نہیں بلکہ پاکستان کو ایک جمہوری جدوجہد سے حاصل کیا ہے اور مسلم لیگ (ن) بزرگوں کی روایات پرعمل پیرا ہے۔مسلم لیگ(ن)کے کارکن ملک کو بنانا اورسنوارنا چاہتے ہیں۔ نواز شریف نے جس راستے کا انتخاب کیا ہے وہ ترقی کی جانب جاتا ہے اور یہی وہ راستہ ہے جو شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کو ختم کرکے ملک میں استحکام لے کر آئے گا۔ موجودہ حکومت نے تمام شعبوں میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے جسے دنیا نے بھی تسلیم کیا ہے۔ بجلی کے مسائل حل کرنےکے لئے دن رات کوششیں کررہے ہیں، وزیراعظم نواز شریف نے توانائی کے جتنے منصوبوں کا آغازکیا، اتنے60 سال میں نہیں ہوئے۔

وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ عمران خان،طاہرالقادری،پرویزالہٰی نے پرویزمشرف کےریفرنڈم کی حمایت کی تھی، پرویز مشرف کے ساتھی ایک مرتبہ پھر اکٹھے ہوگئے ہیں لیکن ہم ان عناصر کا مقابلہ کریں گے۔ عمران خان اور طاہرالقادری دونوں نے اب تک اپنے مطالبات نہیں بتائے، طاہرالقادری کون سے انقلاب کی باتیں کرتے ہیں؟۔ انہوں نے کہا کہ 14 اگست کے روز اسلام آباد میں تحریکِ انصاف کا لانگ مارچ اور جلسے کے دوران اگر دہشت گردی ہوئی تو اس کے ذمہ دار عمران خان ہوں گے۔ انہیں ذمہ داری لینا ہوگی کہ جلسے اور جلوس کی آڑ میں کوئی امن خراب نہیں کرے گا۔ عمران خان ، چوہدری پرویز الہٰی اور ڈاکٹر طاہر القادری امن کی ذمہ داری لیں ہم دہشت گردوں سےنمٹ لیں گے۔

پرویز رشید نے مزید کہا کہ عمران خان کی جماعت کے ارکان نے پہلی مرتبہ اسمبلی کا منہ دیکھا ہے، ان میں سے کوئی بھی استعفیٰ نہیں دے گا، اگرعمران خان نے استعفے کی بات کی تو ان کی جماعت میں بغاوت ہوجائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ چاہتے ہیں تمام جمہوری قوتوں کے ساتھ مل کر جمہوریت کا تسلسل قائم رہے.طاہر القادری ٹیکس چوروں کے ٹولے کے سربراہ ہیں، طاہر القادری چوہدریوں کو قدموں میں بٹھا کر کس آئین وقانون کی بات کررہے ہیں؟۔ چوہدریوں کے کندھے پرفساد کی سیاست کرنے والا کینیڈا بھاگنے والا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں