ایوانوں میں عوامی مقدمات کاحل نہ نکلا تو 14 اگست کو ہم بھی کوئی تاریخ دیں گے فاروق ستار

اگر 68 واں یوم آزادی شایان شان سےمنانا ہے تو عوام کے مسائل کو سمجھنا ہوگا، رہنما ایم کیو ایم


ویب ڈیسک August 03, 2014
مقامی حکومتوں کے لئے مظاہرہ یا دھرنا دینا پڑا تو دیں گے، فاروق ستار فوٹو: ایکسپریس نیوز

متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کہتے ہیں کہ کراچی کے عوام کو ان کا آئینی حق دیا جائےاگر عوامی مقدمات کاحل نہ نکلا تو 14 اگست کو ہم بھی کوئی تاریخ دیں گے۔

کراچی میں ایم کیو ایم کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ اگر 68 واں یوم آزادی شایان شان سےمنانا ہے تو عوام کے مسائل کو سمجھنا ہوگا۔ ملک محاذ آرائی کی جانب بڑھ رہا ہے۔ اختلافات ختم کرانا وقت کا اہم تقاضا ہے۔ ایسا راستہ نکالنا چاہیے جس سے عوام کو جمہوری حصہ دیا جائے، ہمیں لگتا ہے کہ ہمیں عوام کے سامنے حقائق رکھنے چاہئیں کہ پاکستانی عوام کے مسائل اب تک حل کیوں نہیں ہوئے۔

فاروق ستار کا کہنا تھا کہ کراچی میں 450 ملین گیلن پانی کی کمی ہے اور اس بات کا خدشہ ہے شہرمیں ایک سال میں پانی کے معاملے پرفسادات ہوں گے،خدا خدا کرکے رمضان المبارک گزرا اور واٹربورڈ کی منتیں کی تو عید کے روز شہریوں کو پانی ملا۔ اس کے بعد عید الفطر میں کراچی میں تفریح کے لئے جانے والے بےقصور شہریوں کو سمندر کے سامنے چھوڑ دیا گیا۔ اتنے بڑے سانحے کی ذمہ داری کوئی بھی لینے کو تیار نہیں۔ ادارے اپنی ذمے داریاں ایک دوسرے پر ڈال کر محض ٹوپی ڈرامہ کررہے ہیں۔ اس سانحے کی سب سے بڑی وجہ مقامی حکومت کا نہ ہونا ہے۔ اگرکراچی میں میئرہوتا تو عوام اس کا گریبان پکڑ سکتے تھے۔

ایم کیو ایم کے رہنما کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت کراچی کے مسائل کے حل کے لئے ایک مہم کا آغاز کررہی ہے۔ صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں مقامی حکومتوں کا معاملہ اٹھائیں گے،اجلاس میں سانحہ سی ویو سمیت صوبے کے دیگر مسائل پرغورکیا جائے گا،وزیراعلٰی سندھ سے ملاقات کرکے شہری علاقوں کےمسائل سےآگاہ کریں گے۔ مقامی حکومتوں کے لیے مظاہرہ یا دھرنا دینا پڑا تو وہ بھی دیں گے۔ اس سلسلے میں قومی اسمبلی میں بھی تمام معاملات اٹھائیں گے اور اگر منتخب ایوانوں میں عوامی مقدمات کاحل نہ نکلا تو 14 اگست کو ہم بھی کوئی تاریخ دیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں