چین میں 65 شدت کے زلزلے سے 365 افراد ہلاک سیکڑوں خاندان متاثر

خوفناک زلزلے کے بعد متعدد قدیم عمارتیں منہدم ہوگئیں جس کے بعد امدادی سرگرمیاں شروع کردی گئیں ہیں


ویب ڈیسک August 03, 2014
ملبے سے اب تک 365 افراد کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں جبکہ مزید لاشیں ملنے کا خدشہ ہے، حکام فوٹو؛ فائل

چین کے جنوب مغربی صوبے یونن میں شدید زلزلے کے نتیجے میں متعدد عمارتیں منہدم ہوگئیں جس کے نتیجے میں کم از کم 365 افراد ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔


غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق مغربی صوبے میں زلزلے کی شدت 6.5 ریکارڈ کی گئی جس نے صوبے بھر کا نظام زندگی تباہ کر کے رکھ دیا، امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز شمالی مغربی قصبہ " وین پنگ" سے 11 کلو میٹر دور جب کہ گہرائی 10 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی۔


دوسری جانب مقامی میڈیا کے مطابق خوفناک زلزلے کے بعد متعدد قدیم عمارتیں منہدم ہوگئیں ہیں جس کے بعد امدادی سرگرمیاں شروع کردیں تاہم ملبے سے اب تک 365 افراد کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں۔ زلزلے کے نتیجے میں سینکڑوں خاندان بھی متاثر ہوئے جب کہ حکومت نے ہنگامی صورتحال نافذ کرتے ہوئے ریسکیو آپریشن تیز کرنے کی ہدایت جاری کردی۔


واضح رہے کہ ستمبر 2012 میں بھی چین کے مغربی صوبے یونن میں 6.8 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا تھا جس میں 80 افراد ہلاک جب کہ اسی صوبے میں 1971 میں زلزلے نے تباہی مچادی تھی جس میں 1500 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں