حکومت کو کسی احتجاج یا لانگ مارچ سے کوئی خطرہ نہیں وزیراعظم نواز شریف
وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کو کسی احتجاج یا لانگ مارچ سے کوئی خطرہ نہیں تاہم اپوزیشن جماعتوں کی شکایات کا ازالہ کیا جائے گا۔
سرکاری ریڈیو کے مطابق ایک انٹرویو میں وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ وہ حزب اختلاف کی بات سننے کو تیار ہیں اور ان سے بات چیت کے بعد شکایات کا ازالہ کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بعض عناصر احتجاج کا راستہ اپناتے ہوئے ملک میں افراتفری کا مظاہرہ کرتے ہوئے تشدد اور لاقانونیت پیدا کرنا چاہتے ہیں تاہم عوام ان کے عزائم سے بخوبی آگاہ ہیں اور وہ انہیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
نواز شریف نے کہاکہ سیاسی مسائل مظاہروں یا مارچوں کے ذریعے نہیں بلکہ مذاکرات اور مفاہمت سے حل ہوتے ہیں، عدلیہ اور دوسرے ادارے حزب اختلاف کی شکایات دور کرنے کے لئے آزادانہ طور پر کام کررہے ہیں اور اُن پر اعتماد کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن " ضرب عضب " فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوچکا ہے اور جب پوری قوم اس آپریشن کی مکمل حمایت کررہی ہے تو حزب اختلاف کی جماعتوں کو بھی مسلح افواج اور بے گھر افراد کی حمایت کرنی چاہیے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اپوزیشن میں شامل جماعتوں کو ملک کے وسیع تر مفاد میں مثبت اور تعمیری کردار ادا کرنا چاہیے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ حکومت بجلی کی پیداوار میں اضافے کیلئے اقدامات کررہی ہے اور بجلی کے خاتمے تک حکومت چین سے نہیں بیٹھے گی۔