پاکستان میں انقلاب آئے گا تو فوج کا آئے گا عبدالغفورحیدری

طاہر القادری شارٹ کٹ کے ذریعے ملک کے اقتدار پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں, رہنما جے یو آئی (ف)


ویب ڈیسک August 04, 2014
حکومت کو وقت سے پہلے ختم کرنے کا سوچنا جمہوری سوچ نہیں، وزیر مملکت برائے پوسٹل سروسز فوٹو: ایکسپریس نیوز

وزیرمملکت برائے پوسٹل سروسز اور جے یو آئی (ف) کے رہنما عبدالغفور حیدری کا کہنا ہے کہ پاکستان میں اس طرح انقلاب نہیں آتاجس طرح کہا جارہا ہےانقلاب آئے گا تو فوج کا آئے گا ۔

کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران وزیر مملکت برائے پوسٹل سروسز کا کہنا تھا کہ محکمہ ڈاک کو مالی طور پر مستحکم کرنے کی بھرپور کوشش کی جارہی ہے۔ اس کے علاوہ محکمے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرکے عوام کو سہولتیں پہنچانے کی بھی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو وقت سے پہلے ختم کرنے کا سوچنا جمہوری سوچ نہیں، موجودہ حکومت کا ایک برس گزر گیا اور مزید 4 برس باقی ہیں۔ عمراں خان اس سلسلے میں صبر کریں اور اپنی پارٹی پر توجہ دیں۔

عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ عمران خان نے جو وعدے کئے وہ خیبرپختونخوا میں پورے نہیں کئے، سادگی کی باتیں کرنے والے عمران خان نے اپنی جماعت کے 22 ارکان کو پارلیمانی سیکریٹری بناکر انہیں صوبائی وزیر کا درجہ دے دیا، ان کی جماعت خیبر پختونخوا میں ناکام ہوگئی ہے، بدقسمتی یہ ہے کہ گزشتہ ایک سال میں موجودہ صوبائی حکومت بجٹ کا 30 فیصد بھی خرچ نہیں کرسکی، اس تمام صورتحال میں عمران خان اپنی ناکامی چھپانے کے لئے وفاق کے خلاف احتجاج کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طاہر القادری ابھی امریکا اور کینیڈا سے آئے ہیں وہ پہلے یہاں سیاست میں حصہ لیں اور حالات کو سمجھیں اس کے بعد انقلاب کی بات کریں۔ وہ شارٹ کٹ کے ذریعے ملک کے اقتدار پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں۔ پاکستان میں اس طرح انقلاب نہیں آتا، انقلاب آئے گا تو فوج کا آئے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔