طاہرالقادری کیخلاف بغاوت کا مقدمہ دائر کرنے کی تیاری کر رہے ہیں وزیرقانون پنجاب

طاہرالقادری قوم کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں ان کیخلاف کارروائی کا آغاز آئندہ 3 روز میں ہوگا، رانا مشہود


ویب ڈیسک August 04, 2014
ڈاکٹر طاہرالقادری اور ان کے حواریوں کے عزائم کھل کر سامنے آچکے ہیں، رانا مشہود فوٹو:فائل

وزیر قانون پنجاب رانا مشہود خان نے کہا ہے کہ عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹرطاہرالقادری ملک میں انارکی پھیلا کر ترقی کو روکنا چاہتے ہیں اس لئے ان کے خلاف بغاوت اور منی لانڈرنگ کیس کی تیاری کی جارہی ہے۔


لاہورمیں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رانا مشہود کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کو دین اور جمہوریت کے ساتھ کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے، مشکل کی اس گھڑی میں وہ قوم کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں اور طاہرالقادری اپنے اوراپنے آقاؤں کے مخصوص مقاصد کےلیے پاکستان میں انارکی پھیلاکرترقی کوروکناچاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوامی تحریک کے سربراہ کیخلاف کیس بنانے کی تیاری کر لی جس کا آغاز آئندہ 3 روز میں شروع ہوجائے گا۔


وزیر قانون پنجاب کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری اور ان کے حواریوں کے عزائم کھل کر سامنے آچکے ہیں، گزشتہ روز کی پریس کانفرنس کے دوران بلی پوری طرح تھیلے سے باہر آگئی ہے، ان کے لانگ مارچ کا ایجنڈا کسی ملک دوست کا نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی اداروں کے استحکام پر سوالیہ نشان لگائے گئے، نوازشریف حکومت نےاربوں کےمنصوبےشروع کیے،ایک روپےکی کرپشن نہیں ہوئی لیکن سربراہ عوامی تحریک ترقیاتی منصوبوں میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔


رانا مشہود نے کہا کہ طاہرالقادری کوماڈل ٹاؤن میں شہید ہونے والوں سے کوئی ہمدردی نہیں، انہوں نے پنڈی بھٹیاں میں ہلاک ہونے والے اس شخص کو بھی شہید قرار دے دیا جو دشمنی کی بنا پر قتل کیا گیا تھا، آج پوری قوم ان کا احتساب کرے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔