حکومت کے مذاکراتی عمل کو کمزوری نہ سمجھا جائے وزیراعظم

جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں اور ہماری خواہش ہے کہ خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کی حکومت اپنی مدت پوری کرے، نوازشریف


ویب ڈیسک August 04, 2014
وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں تحریک انصاف کے آزادی مارچ اور عوامی تحریک کے انقلابی مارچ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فوٹو: آئی این پی

وزیراعظم نوازشریف نے (ن) لیگ کے ارکان اسمبلی کو خیبرپختونخوا حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں حصہ لینے سے روک دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدارت (ن) لیگ کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار،وزیر اطلاعات پرویز رشید،وزیر دفاع خواجہ آصف،وزیر ریلوے خراجہ سعد رفیق،وزیراعلیٰ پنجاب ،شہبازشریف،راجہ ظفر الحق اور حمزہ شہبازشریف دیگر پارٹی رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال، تحریک انصاف کے آزادی مارچ اور عوامی تحریک کے انقلابی مارچ پر تبادلہ خیال اور حکومتی حکمت عملی پر غور کیا گیا ۔

اس موقع پر وزیراعظم نوازشریف نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی کہ اگر خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائی جائے تو (ن) لیگی ارکان اس کا حصہ نہ بنیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں اور ہماری خواہش ہے کہ خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کی حکومت اپنی مدت پوری کرے۔ وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھاکہ (ن) لیگ تحریک انصاف کے مینڈیٹ کا احترام کرتی ہے مگر افسوس کہ وہ ہمارے مینڈیٹ کا احترام نہیں کرتے۔

وزیراعظم نے کہا کہ رابطے سب سے رہیں گے تاہم ہماری بات چیت کو کمزوری نہ سمجھا جائے جبکہ اس موقع پر وزیرداخلہ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ عمران خان سے گاہے بگاہے رابطہ رہتا ہے لیکن ان سے رابطوں کی تفصیلات پھر کبھی بیان کروں گا۔ مشاورتی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ 2 روز میں پارٹی کا ایک اور مشاورتی اجلاس بلایا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں