پی ٹی آئی نےخیبر پختونخوا اسمبلی نہ توڑنے کی یقین دہانی کرادی سراج الحق

تحریک انصاف نے مارچ میں شرکت کی دعوت دی، فیصلے کیلیے وقت مانگا ہے، امیر جماعت اسلامی


Numainda Express August 05, 2014
امیر جماعت اسلامی کا 10 اگست کو لبیک قبلہ اول ریلی، 17 کو ملک گیر یوم فلسطین منانے کا اعلان۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: جماعت اسلامی کے مرکزی امیرسراج الحق نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے انھیں خیبرپختونخوا کی اسمبلی نہ توڑنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ غزہ کی ابترصورتحال، فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کیلیے 10 اگست کواسلام آباد میں 'لبیک یا قبلہ اول' ریلی اور 17اگست کوملک گیریوم فلسطین اورکراچی میں 'غزہ ملین مارچ' کیا جائے گا۔ حکومت پاکستان سے پرزور اپیل ہے کہ وہ عالم اسلام کی واحد ایٹمی طاقت کی حیثیت سے امت کی ترجمانی اور رہنمائی کرے۔ فوری طورپر اسلام آبادمیں اسلامی سربراہی اجلاس بلائے اوراقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کاہنگامی اجلاس طلب کرے۔

سراج الحق نے کہا کہ ہم نے اپنے سیاسی ایجنڈے کوفلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے موخر کردیا ہے۔ انھوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون کے نام بھی خط لکھا ہے کہ اس موقع پر خاموش رہ کر صہیونی جارح کی حوصلہ افزائی نہ کریں۔ حکومت پاکستان مصرسے رابطہ کرکے رفاہ بارڈر مستقل طور پر کھلوائے اور اس راستے سے تباہ حال اہل غزہ کو بھرپور امدادی سامان ارسال کیا جائے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کی جانب سے اہل غزہ کے لیے ایک کروڑامداد کی پہلی قسط ارسال کررہے ہیں جبکہ 60ہزار مالیت کی 6 ایمبولینسز بھجوانے کا انتظام بھی کیاجا رہاہے۔ علاوہ ازیں سراج الحق سے تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمودقریشی کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی اور جماعت اسلامی کو 14اگست کے آزادی مارچ میں شمولیت کی دعوت دی جس پرجماعت اسلامی نے سوچنے کاوقت مانگ لیا ہے۔ انھوں نے کہاکہ تحریک انصاف کا خیبرپختونخوا اسمبلی توڑنے کا کوئی ارادہ نہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں