آپریشن ضرب عضب فضائی کارروائی میں 30 دہشت گرد ہلاک متعدد ٹھکانے تباہ
شمالی وزیرستان میں پاک فوج کا دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے اور تازہ فضائی کارروائی میں 30 دہشت گردوں ہلاک جب کہ ان کے متعدد ٹھکانے تباہ کر دیئے گئے ہیں۔
پاک فوج کی شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج نے شمالی وزیرستان کے علاقوں دتہ خیل، مرسی خیل اور کمشام میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی جس کے نتیجے میں 30 دہشت گرد ہلاک جب کہ ان کے 6 ٹھکانے بھی تباہ ہو گئے۔ آپریش ضرب عضب میں اب تک میران شاہ، میر علی، بویا، دیگان اور دتہ خیل تک کا علاقہ کلیئر کرایا جا چکا ہے جب کہ دیگر علاقوں کا کنٹرول حاصل کرنے کے لئے آپریشن جاری ہے۔
واضح رہے کہ پاک فوج نے گزشتہ روز بھی دتہ خیل کے علاقے شہباز خیل میں کارروائی کر کے 7 ازبک دہشت گردوں کو ہلاک کیا تھا جب کہ آپریشن کے دوران 2 جوان نائب صوبیدار مشکور، لانس نائیک ظہیر بھی شہید ہوئے تھے۔ آپریشن ضرب عضب میں اب تک 500 سے زائد دہشت گرد مارے جا چکے ہیں جب کہ اس دوران 30 کے قریب فوجی جوان بھی شہید ہو چکے ہیں۔