ملکی صورتحال پر وزیراعظم نواز شریف سے سیاسی رہنماؤں کی ملاقاتیں

وزیراعظم سیاسی درجہ حرارت کو ٹھنڈا کرنے کے لئے تمام سیاسی رہنماؤں سمیت عمران خان سے بھی ملاقات کریں، اعجازالحق


ویب ڈیسک August 06, 2014
احتجاج سب کا حق مگر 14 اگست کی اہمیت کو مد نظر رکھنا چاہیئے، سربراہ مسلم لیگ ضیاء۔ فوٹو؛ فائل

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی جانب سے 14 اگست کے آزادی مارچ کی وجہ سے ملک میں پیدا ہونے والی سیاسی صورت حال کو ٹھنڈا کرنے کے لئے وزیراعظم نواز شریف سے اعجاز الحق سمیت مختلف سیاسی رہنماؤں نے ملاقات کی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مسلم لیگ ضیاء کے سربراہ ضیاء الحق، ساجد میر اور فاٹا کی سیاسی شخصیت جی جی جمال نے وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی اور عمران خان کی جانب سے 14 اگست کے آزادی مارچ سمیت ملکی سیاسی صورت حال پر گفتگو کی۔

اس موقع پر اعجاز الحق نے وزیر اعظم کو مشورہ دیا کہ ملک میں بڑھتے سیاسی درجہ حرارت کو ٹھنڈا کرنے کے لئے تمام سیاسی رہنماؤں سمیت عمران خان سے بھی ملاقات کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ احتجاج سب کا حق مگر 14 اگست کی اہمیت کو مد نظر رکھنا چاہیئے۔ اعجاز الحق عمران خان سے ملاقات کے بعد دوبارہ وزیراعظم سے ملاقات کریں گے۔ اس موقع پر اسحاق ڈار، پرویز رشید اور احسن اقبال بھی موجود تھے۔

واضح رہے کہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق بھی آج عمران خان سے ملاقات کے بعد وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کریں گے جس میں عمران خان کے آزادی مارچ کے حوالے سے بات چیت کی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں