وزیراعلیٰ سندھ کی رواں مالی سال 418 ترقیاتی منصوبے مکمل کرنے کی ہدایت

ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کیلئے دی گئی ہدایت پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف خلاف محکمہ جاتی کارروائی ہوگی،قائم علی شاہ

صوبائی محکموں کے زیر سماعت مقدمات پر پیشرفت تیز کی جائے، وزیر اعلیٰ سندھ فوٹو: فائل

وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے تمام محکموں کو ہدایت دی ہے کہ رواں مالی سال کے اختتام تک صوبے میں جاری 418 ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کرلیا جائے بصورت دیگر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہوگی۔


کراچی میں وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کی سربراہی میں صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد اور دیگر امور کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، اجلاس کے دوران ترقیاتی منصوبوں کے تکمیل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ رواں مالی سال کے بجٹ میں صوبائی حکومت نے ترقیاتی اخراجات کی مد میں 143 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں جس میں 25 ارب روپے کی پہلی قسط جاری کردی گئی ہے۔ تمام اداروں کے سربراہ ترقیاتی منصوبوں کی مد میں جاری رقوم کا موثر استعمال یقینی بنائیں اور رواں مالی سال کے اختتام تک 418 جاری منصوبے مکمل کریں، اگر کسی نے ہدایات پر عمل نہ کیا تو اس کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی ہوگی۔

اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ سندھ نے مختلف عدالتوں میں صوبائی محکموں کے زیر سماعت مقدمات پر پیشرفت کو تیز کرنے اور محکموں میں شعبہ جاتی ترقیوں کا عمل مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔
Load Next Story