گال ٹیسٹ پاکستان کے 451 رنز کے جواب میں سری لنکا نے ایک وکٹ پر 99 رنز بنا لئے

یونس خان 171 اور اسد شفیق کے 75 رنز جب کہ سرفراز احمد اور عبد الرحمان نے بھی نصف سنچریاں اسکورکیں

کمار سنگاکارا اور کوشال سلوا 75 رنز کی شراکت قائم کرتے ہوئے کریز پر موجود ہیں۔ فوٹو؛ اے ایف پی

سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستانی ٹیم تجربہ کار مڈل آرڈر بلے باز یونس خان کی شاندار بلے بازی کی بدولت 451 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی جبکہ جواب میں سری لنکا نے ایک وکٹ پر 99 رنز بنا لئے۔

سری لنکا کے گال انٹر نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام تک سری لنکا نے پاکستان کے 451 رنز کے جواب میں ایک وکٹ پر 99 رنز بنا لئے، کمار سنگاکارا اور کوشال سلوا 75 رنز کی شراکت قائم کرتے ہوئے کریز پر موجود ہیں۔ اس سے قبل دوسرے روز کا کھیل شروع ہوا تو یونس خان 133 اور اسد شفیق 55 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے، نوجوان بلے باز اسد شفیق 75 رنز پر رنگنا ہیراتھ کا شکار ہو گئے لیکن دوسری جانب یونس خان کی شاندار بلے بازی جاری رہی تاہم یونس خان کھانے کے وقفے کے بعد 177 کے انفرادی اسکور پر دلروان پریرا کا شکار بن گئے۔ سرفراز احمد اور عبد الرحمان نے بھی بالترتیب 55 اور 50 رنز اسکور کئے، سعید اجمل نے 12 رنز اسکور کئے جب کہ محمد طلحہ 9 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔


سری لنکا کی جانب سے دلرووان پریرا نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ رنگانا ہیرات 3 اور دھمیکا پراساد 2 وکٹیں حاصل کرسکے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کے کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو زیادہ سود مند ثابت ہوا اور گرین شرٹس نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکا کے خلاف 451 رنز کا مجموعہ کھڑا کردیا۔
Load Next Story