حکومت کا جیسا رویہ ہوگا ویسا ہی جواب دیا جائے گا صدر تحریک انصاف پنجاب

یہ نہیں ہو سکتا کہ پنجاب حکومت ہم پر گملے سمیت پھول پھینکے اور ہم ان پر صرف پھول پھینکتے رہیں، اعجاز چوہدری


ویب ڈیسک August 07, 2014
ہم اس ملک کے کاروبار کو چلتا رہنا دینا چاہتے ہیں، ہماری وجہ سے ایک پتہ بھی نہیں ٹوٹے گا، صدر تحریک انصاف پنجاب۔ فوٹو؛ ایکسپریس نیوز

پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز چوہدری کا کہنا ہے کہ آزادی مارچ کے حوالے سے شہباز شریف کا جیسا رویہ ہوگا ویسا ہی جواب دیا جائے گا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعجاز چوہدری کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے پنجاب کے ہر ضلع میں پی ٹی آئی کی لائرز لیگل ایڈ کمیٹیاں بنا دیں ہیں، پولیس جس طرح کریک ڈاؤن کی تیاری کر رہی ہے ہم اس کے خلاف تھانوں کے باہر احتجاج کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے وکلاء کی لائرز لیگل ایڈ کمیٹیوں کو ہدایت کر دی ہے کہ وہ متحرک رہیں اور اس سے متعلق چارا جوئی بھی شروع کر دیں۔

اعجاز چوہدری نے کہا کہ اس قسم کی اطلاعات بھی موصول ہو رہی ہیں کہ صوبائی حکومت ٹرین مارچ سے قبل پٹرول پمپس بند کرنے کا ارادہ رکھتی ہے تو یہ بالکل غیر قانونی فعل ہو گا۔ تحریک انصاف نے تمام پٹرول پمپس اور سی این جی اسٹیشنز مالکان سے درخواست کی ہے کہ وہ حکومت کی دھمکیوں سے نہ ڈریں اور تمام پمپس کھلے رکھیں، پی ٹی آئی کے رضاکار ان کے پٹرول پمپس کی حفاظت کریں گے، ہم اس ملک کے کاروبار کو چلتا رہنا دینا چاہتے ہیں، ہماری وجہ سے ایک پتہ بھی نہیں ٹوٹے گا۔ انھوں نے کہا کہ جس طرح کا شہباز شریف کا رویہ ہو گا ویسا ہی تحریک انصاف والے انھیں جواب دیں گے، یہ نہیں ہو سکتا کہ پنجاب حکومت ہم پر گملے سمیت پھول پھینکے اور ہم ان پر صرف پھول پھینکتے رہیں۔

اعجاز چوہدری کا مزید کہنا تھاکہ طاہرالقادری کے خلاف مقدمے کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، ہمیں اس بات پر بھی تشویش ہے کہ 17 جون کو جو قتل و غارت گری ماڈل ٹاؤن میں ہوئی تھی اس کا مقدمہ آج تک درج نہیں ہوا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں