امریکا نے انتہا پسند تنظیموں کی مدد کے الزام میں 3 افراد کو بلیک لسٹ کردیا

تینوں افراد پر شام میں القاعدہ کی ذیلی تنظیم النصرہ فرنٹ اور عراق میں 'دولت اسلامی' کے مالی تعاون کا الزام ہے۔

بلیک لسٹ قرار دیئے گئے افراد میں سے دو کویتی باشندے ہیں،امریکی وزارت خزانہ فوٹو: فائل

KARACHI:
امریکا نے شام اور عراق میں انتہا پسند تنظیموں کو مالی تعاون فراہم کرنے کے الزام میں 2 کویتی شہریوں سمیت 3 افراد کو بلیک لسٹ کردیا ہے۔


امریکی وزارت خزانہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق 41 سالہ الشیخ شافی العجمی اور 26 سالہ حجاج العجمی نامی کویتی شہری شام میں القاعدہ کی ذیلی تنظیم النصرہ فرنٹ کے لئے رقم جمع کرنے کے مرتکب پائے گئے ہیں, اس کے علاوہ بلیک لسٹ کئے جانے والے تیسرے شخص کا نام عبدالرحمان خلف العنیزی ہے جن کی شہریت نہیں بتائی گئی ،عبدالرحمان خلف العنیزی پر عراق میں ''دولت اسلامی'' کو مالی تعاون فراہم کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے، امریکا کے نائب وزیر خزانہ ڈیوڈ کوہین کا کہنا تھا کہ بلیک لسٹ کئے جانے والے افراد سماجی رابطے کی ویب سائٹس اور مالی نیٹ ورکس کے ذریعے شام اور عراق میں دہشت گردی آپریشنز کے لئے فنڈ جمع کر رہے تھے۔

واضح رہے کہ بلیک لسٹ قرار دیئے گئے تینوں افراد کے امریکا میں بینک کھاتے منجمد ہوجائیں گے اس کےعلاوہ کوئی بھی امریکی شخص یا کمپنی ان افراد کے ساتھ مالی لین دین بھی نہیں کر سکے گی۔
Load Next Story