کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ وتشدد سے پولیس اہلکار اور خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق

گارڈن میں ٹریفک پولیس چوکی کے قریب موٹر سائیکل پر سوار تین نامعلوم مسلح ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کردی، پولیس

ملیر کے علاقے ماڈل ٹاؤن سے خاتون کی لاش ملی، فوٹو:فائل

شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور تشدد کے واقعات میں پولیس اہلکار اور خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ رینجرز نے لیاری سے گینگ وار کے 2 مبینہ ملزمان کو حراست میں لے لیا۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے گارڈن چڑیا گھر کے قریب نامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے دونوں افراد اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گئے۔ پولیس کے مطابق موٹرسائیکل پر سوار تین ملزمان نے گارڈن پر واقعہ ٹریفک پولیس کی چوکی کے قریب اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق ہوگئے جن کی شناخت عارف اور توفیق کے نام سے ہوئی،دونوں کی لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کیلئے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ پولیس نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر ابتدائی تفتیش شروع کردی ہے۔

ادھر اورنگی ٹاؤن کے علاقے قصبہ کالونی میں سجاد نامی پولیس اہلکار اپنے گھر سے باہر نکلا تو پہلے سے گھات لگائے ہوئے ملزمان اس پر فائرنگ کرکے فرار ہوگئے ۔ سجاد کو مقامی افراد نے قریبی اسپتال پہنچانے کی کوش کی تاہم وہ زخموں کی تاب لاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گیا جبکہ ملیر کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں ایک گھر سے خاتون کی لاش ملی۔


دوسری جانب رینجرز نے لیاری میں کارروائی کرتے ہوئے گینگ وار سے تعلق رکھنے والے 2 ملزمان کو گرفتارکرکے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا۔ ملزمان کے شناخت اشفاق عرف دادا اورشاہد عرف رکشے والا کے نام سے ہوئی ہے اور ان کا تعلق وسیع اللہ لاکھوں گروپ سےبتایا جارہا ہے۔

Load Next Story