انگلش بولرز کے سامنے بھارتی سورما بیٹنگ کرنا ہی بھول گئے اور چوتھے ٹیسٹ میچ کے پہلے ہی روز پوری ٹیم صرف 152 رنز بنا کر ہی پویلین لوٹ گئی۔
انگلینڈ کے شہر مانچسٹر کے اولڈ ٹریفرڈ گراؤنڈ میں کھیلے جارہے 5 میچز سیریز کے چوتھے ٹیسٹ کے پہلے روز مہمان ٹیم کے کپتان مہیندرا سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن بھارتی بلے باز انگلش بولرز کے سامنے بھیگی بلی بنے رہے۔ بھارت کو 8 رنز کے اسکور پر گوتم گمبھیر کی شکل میں پہلے نقصان کا سامنا کرنا پڑا جبکہ 8 رنز پر ہی بھارت کے مزید 3 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔ بھارت کی جانب سے کپتان دھونی 71، روی چندران ایشون 40، اجنکیا ریہانے 24 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹسمین رہے ان کے علاوہ کوئی بھی بیٹسمین دہرے ہندسے میں بھی داخل نہ ہوسکا اور 6 کھلاڑی بغیر کوئی رنز بنانے ہی پویلین لوٹ گئے ۔
انگلینڈ کی جانب سے اسٹارٹ براڈ نے 25 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں جبکہ جیمس انڈریسن 3 اور کرس جورڈن نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔