کراچی اسٹاک مارکیٹ مندی سے نکل آئی 2 نفسیاتی حدیں بحال

154 پوائنٹس کی ریکوری سے کے ایس ای 100 انڈیکس29537 پر آگیا، مارکیٹ سرمایہ 30 ارب روپے بڑھ گیا

344 کمپنیوں کا کاروبار، 225 کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 96 میں کمی، 23 کے داموں میں استحکام رہا۔ فوٹو: اے ایف پی

کراچی اسٹاک ایکس چینج میں جمعرات کے روز کاروباری سرگرمیوں میں تیزی کا رجحان رہا۔

جہموریت کا تسلسل جاری رکھنے کے لیے سیاسی قوتوں کے درمیان بات چیت اور حکومت کی جانب سے مسئلے کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے سمیت انتظامی سطح کے اقدامات کے سبب سرمایہ کاروں میں پائی جانے والی بے چینی کافی حد تک کم ہوگئی اور کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 154.07 پوائنٹس کے اضافے سے 29537.04 پوائنٹس پر بند ہوا۔کاروباری سرگرمیوں میں تیزی کے باعث کے ایس ای 100 انڈیکس 2 بالائی حدوں کو عبور کرتا ہوا 29500 کی سطح پر جاپہنچا جبکہ مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 30 ارب روپے بڑھ گیا۔کاروباری لین دین بھی بدھ کی نسبت 3 کروڑ شیئرز زائد رہا۔

کراچی اسٹاک ایکس چینج رواں کاروباری ہفتے کے آغاز سے ہی زبردست اتار چڑھاؤ کی زد میں ہے اور مارکیٹ میں ایک دن تیزی اور ایک دن مندی کا رجحان دیکھا جارہا ہے۔ جمعرات کو کراچی اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز ملے جلے رجحان سے ہوا۔ سرمایہ کار سیمنٹ، بینکنگ اور توانائی سیکٹر میں سرگرم دیکھائی دیے جس کے باعث ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس 29400 اور 29500 کی دونفسیاتی حدوں کو عبور کرنے میں کامیاب ہوگیا جبکہ ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای 100 انڈیکس کاروباری دن کی ابتدائی سطح 29300 سے کم ہوکر 29200 پر بھی آگیا تھا تاہم مقامی سطح پر خریداری نے منفی اثرات زائل کردیے جس کے باعث انڈیکس اپنی اضافی سطح پر واپس چلاگیا۔


جمعرات کو کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 154.07 پوائنٹس کے اضافہ سے 29537.04 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس بھی 77.01 پوائنٹس کی تیزی سے 20560.47 پوائنٹس،کے ایس سی آل شیئر انڈیکس میں 93.27 پوائنٹس کے اضافے سے 21681.791 پوائنٹس اور کے ایم آئی 30 انڈیکس میں بھی 296.53 پوائنٹس کی تیزی رہی۔ جمعرات کو مارکیٹ میں 12 کروڑ 11 لاکھ 55 ہزار حصص کا کاروبار ہوااور ٹریڈنگ ویلیو 5 ارب روپے رہا جبکہ بدھ کو 9 کروڑ 74 لاکھ 8 ہزار حصص کا کاروبار ہوا تھا۔

کراچی اسٹاک مارکیٹ میں جمعرات کو مجموعی طور پر 344 کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 225 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 96 میں کمی اور 23 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ تیزی کے سبب مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 30 ارب 71 کروڑ 96 لاکھ 79 ہزار 64 روپے بڑھ کر 69کھرب 48 ارب 96کروڑ 30 لاکھ 13 ہزار 539 روپے ہوگیا۔ سب سے زیادہ کاروبار لافارج پاکستان کے حصص میں ہوا جو 1 کروڑ 23 لاکھ 47 ہزار شیئرز رہا جس کی قیمت 15.56 روپے سے شروع ہو کر 15.81 روپے پر بند ہوا۔

سب سے زیادہ تیزی رفحان میز پروڈکٹس کے حصص کی قیمتوں میں ہوئی جس کے حصص کی قیمت 61 روپے کے اضافہ سے 11210 روپے پر بند ہوئی۔ اسی طرح باٹا پاکستان کے حصص کی سودے بھی 59 روپے کی تیزی سے 3379 روپے پر بند ہوئے۔ سب سے زیادہ مندی ویتھ پاک لمیٹڈ اور شیزان انٹرنیشنل کے حصص کی قیمتوں میں ہوئی۔ ویتھ پاک لمیٹڈ کے حصص کی قیمت 96.32 روپے کی مندی سے 3200.01 روپے اور شیزان انٹرنیشنل کے حصص کی قیمت بھی 18 روپے کی کمی سے 972 روپے رہ گئی۔
Load Next Story