انٹیلی جنس بیورو تحریک انصاف کے رہنماؤں کی فون کالز ریکارڈ کر رہی ہے شاہ محمود قریشی

ہماری ای میلز کو ہیک کیا جا رہا ہے لیکن سب پر واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ آزادی مارچ ہر صورت ہو گا،نائب صدر تحریک انصاف

پنجاب حکومت وفاقی حکومت کے خلاف سازش کر رہی ہے،، رہنما تحریک انصاف۔ فوٹو؛ ایکسپریس نیوز

پاکستان تحریک انصاف کے نائب صدر شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ 14 اگست کا آزادی مارچ روکنے کے لئے انٹیلی جنس بیورو تحریک انصاف کے تمام رہنماؤں کی فون کالز ریکارڈ کر رہی ہے۔

اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سےبات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ انٹیلی جنس بیورو تحریک انصاف کی لیڈر شپ کی فون کالز ریکارڈ کر رہی ہے اور ہماری ای میلز کو ہیک کیا جا رہا ہے لیکن سب پر واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ 14 اگست کو آزادی مارچ ہر صورت میں ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کا آزادی مارچ روکنے کے لئے پنجاب حکومت موٹر سائیکلوں کی پکڑ دھکڑ کر رہی ہے جس نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے، تحریک انصاف پنجاب میں پولیس گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے،کارکن قانون کو ہاتھ میں نہ لیں اور جہاں بھی پولیس موٹر سائیکل پکڑے تو اس تھانے کے باہر جا کر احتجاج کیا جائے۔


شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایک طرف تو حکومت کی جانب سے گفت و شنید کی بات کی جا رہی ہے، ایلچی پیغامات لے کر آ اور جا رہے ہیں دوسری جانب راولپنڈی، اسلام آباد میں کنٹینرز کی بہار آ گئی ہے، جڑواں شہروں کو سیل کرنے کے لئے 900 کنٹینرز لائے جا چکے ہیں، لاہور میں چیرنگ کراس لاہور، ماڈل ٹاؤن اور موٹر وے کو بھی سیل کیا جا رہا ہے، جن ڈرائیورز کا مال کنٹینرز میں پڑا ہے وہ پریشان ہیں اور احتجاج کر رہے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت وفاقی حکومت کے خلاف سازش کر رہی ہے، حیران ہوں کہ ہمارے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے نوٹس میں یہ چیزیں کیوں نہیں آ رہی، چوہدری نثار چاہتے ہیں کہ بہتری کا راستہ نکلے اگر وہ افہام و تفہیم کے ذریعے مسئلے کا حل چاہتے ہیں تو انہیں پنجاب حکومت کو سمجھانا چاہئے کہ اس قسم کے اقدامات نہ کئے جائیں، پہلے بھی پنجاب پولیس نے 17 جون کو لاہور میں قتل عام کیا، ابھی اس سانحے کی جوڈیشنل انکوائری بھی مکمل نہیں ہوئی کہ اب یہ لوگ ایک نیا ڈرامہ رچانے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی پٹرول کی فراہمی کم کی جا رہی ہے تا کہ وہاں سے قافلے آزادی مارچ میں شرکت نہ کر سکیں۔
Load Next Story