کراچی کی فضا دنیا میں سب سے زیادہ آلودہ ہے تحقیقاتی رپورٹ

کراچی کےبعض علاقوں میں سیسے کی مقدار 1.163 جبکہ کیڈمیم 0.08 مائیکروگرام فی مکعب میٹر ہے جونئی دلی سے بھی زیادہ ہے


ویب ڈیسک August 08, 2014
کراچی میں آلودگی کی وجہ سے سانس اور پھیپڑوں سے متعلق بیماریوں میں اضافہ ہورہا ہے فوٹو: فائل

پاکستان کونسل برائےسائنٹیفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ سنٹر کی حالیہ رپورٹ کے مطابق کراچی کے بعض علاقوں کی فضا دنیا کے سب سے زیادہ آلودہ شہروں سے بھی زیادہ آلودہ ہے۔

پاکستان کونسل فار سائنٹیفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ کے سینٹر فار انوائرمینٹل اسٹڈیز کی جانب سے کراچی میں فضائی آلودگی جانچنے کے لئے تحقیقاتی سروے کیا گیا۔ سروے کے دوران شہر کے 108 مقامات سے ہوا کے نمونے حاصل کئے گئے۔ جن کی جانچ پڑتال کے بعد ان کا تقابلی جائزہ عالمی ادارہ صحت کی جانب سے فضائی آلودگی سے متعلق گائیڈ لائن سے کیا گیا۔

پاکستان کونسل فار سائنٹیفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ کی سینئیر سائنٹیفک آفیسر دردانہ رئیس ہاشمی کا کہنا تھا کہ عالمی ادارہ صحت کے مطابق کسی بھی علاقے کی فضا میں سیسے کی مقدار0.005 مائیکرو گرام فی مکعب میٹر سے زیادہ نہیں ہونی چاہئے۔ دنیا کا سب سے آلودہ شہر نئی دلی ہے جہاں فضا میں سیسے کی مقدار 0.46 مائیکرو گرام فی مکعب میٹر جبکہ چین کے آلودہ ترین شہر بیجنگ میں 0.33 مائیکروگرام فی مکعب میٹر تک ہے لیکن کراچی کے بعض علاقوں میں اس کی مقدار 1.163 مائیکروگرام فی مکعب میٹر تک پائی گئی ہے جو کہ انتہائی خطرناک ہے۔

دردانہ رئیس ہاشمی کا مزید کہنا تھا کہ کیڈمیم انتہائی زہریلی دھات ہے جو کہ شہریوں کی صحت پر براہ رسات اثر انبداز ہوتی ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق کسی بھی علاقے کی فضا میں کیڈمیم کی مقدار 0.005 مائیکروگرام فی مکعب میٹر سے تجاوز نہیں کرنی چاہیئے لیکن نئی دہلی میں اس کی مقدار 0.02 مائیکروگرام فی مکعب میٹر ہے جبکہ کراچی میں کیڈمیئم کی مقدار 0.08 مائیکروگرام فی مکعب میٹر پائی گئی ہے۔

واضح رہے کہ کراچی میں کاربن مونو آکسائیڈ، سیسے اور کیڈمیم پیھپڑوں میں جانے کی بدولت نہ صرف سانس اور پھیپڑوں سے متعلق بیماریوں میں اضافہ ہورہا ہے بلکہ آنکھوں اور دل کے امراض بھی عام ہوتے جارہے ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں