عالمی شہرت یافتہ ارجنٹائن کے فٹبالر اور یونیسیف کے سفیر لائنیل میسی نے غزہ پر صیہونی بمباری کے نتیجے میں شہید ہونے والے بچوں کے حقوق کا بھرپور دفاع کیا اور اسے اپنے فیس بک پیچ پر ایک زخمی فلسطینی بچے کی تصویر پوسٹ کر کے اپنی ہمدردی کا اظہاربھی کیا۔
فیس بک پیج پر اپنے پیغام میں میسی کا کہنا تھا کہ '' ایک باپ اور یونیسیف کا سفیر ہونے کے ناطے غزہ پر اسرائیلی بمباری کے بعد سامنے آنے والی فلسطینی بچوں کی تصاویردیکھ کر سخت افسردہ اور حیرت زدہ ہوں، اسرائیل اور حماس کے درمیان تنازع بچوں نے کھڑا نہیں کیا لیکن اس کی بھاری قیمت بچوں کو ادا کرنا پڑ رہی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ غزہ میں ہونے والے احمقانہ تشدد کا خاتمہ ہونا چاہئے اور ہمیں جنگی مضمرات کے حوالے سے بچوں کا تحفظ یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔
عالمی شہرت یافتہ فٹبالر نے انسانی ہمدردی پر مبنی جذبات کا اظہار نہ صرف انگریزی زبان میں کیا بلکہ انہوں نے اس پیغام کو عربی میں بھی پوسٹ کیا جبکہ پیغام کے ساتھ ایک زخمی فلسطینی بچے کی تصویر بھی پوسٹ کی ہے جو اسرائیلی حملے میں زخمی ہوگیا تھا۔ میسی کے اس پیغام کو اب تک 13 ہزار سے زائد لوگوں نے شیئر اور 68 ہزار سے زائد افراد نے پسند کیا ہے۔
واضح رہے کہ غزہ میں 8 جولائی سے اسرائیلی فوجی بربریت کے نتیجے میں اب تک 1900 سے زائد فلسطینی شہید جبکہ 10 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں جن میں بچوں اور خواتین کی بڑی تعداد شامل ہے۔