عوامی تحریک کے کارکنان کی گرفتاریوں کاعمل جاری مشتعل کارکنوں نے تھانے کو آگ لگا دی

لاہور سمیت پنجاب بھر میں پولیس اور عوامی تحریک کے کارکنان کے درمیان جھڑپیں، سیکڑوں گرفتار


ویب ڈیسک August 08, 2014
پولیس نے کریک ڈاؤن کے دوران اوکاڑہ سے 150 اور چیچہ وطنی سے 70 کارکنوں کو گرفتار کرلیا۔ فوٹو : فائل

پنجاب حکومت کی جانب سے پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں کی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ جاری ہے جبکہ مشتعل کارکنان نے ضلع خوشاب کے ایک تھانے کو بھی آگ لگا دی۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر شہروں میں پولیس اور عوامی تحریک کے کارکنان آمنے سامنے آگئے جس دوران جھڑپوں کے نتیجے میں متعدد کارکنان زخمی اور سیکڑوں کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔ لاہور میں عوامی تحریک کے ڈنڈا بردار کارکنان نے پولیس پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں متعدد اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ کارکنان کو منشتر کرنے کے کیلئے پولیس کی جانب سے آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی جس کے نتیجے میں کئی کارکنان بیہوش ہوگئے۔


ادھر اوکاڑہ کے علاقے دیپالپورہ میں بھی پولیس اور عوامی تحریک کے کارکنوں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں،پولیس نے کریک ڈاؤن کے دوران اوکاڑہ سے عوامی تحریک کے 150 کارکنوں کو گرفتار کرلیا جبکہ چیچہ وطنی سے بھی 70 کارکنوں کو گرفتار کرتے ہوئے جیل منتقل کردیا گیا ہے ، پولیس کی جانب سے عارف والا کو جانے والے تمام راستے سیل کردیئے گئے ہیں اور درجنوں کارکنوں کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے صوبے بھر کے تمام لاری اڈوں کو سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے لیے انتظامیہ نے تمام بس اڈامالکان کو ہدایت جاری کردی ہیں۔


دوسری جانب ضلع خوشاب کی تحصیل قائدآباد میں عوامی تحریک کے مشتعل کارکنوں نے پولیس اسٹیشن کو پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی جس کے نتیجے میں تمام ریکارڈ جل گیا،پولیس کے مطابق عوامی تحریک کے مسلح کارکنان نے تھانے پر حملہ کرنے کے بعد پیٹرول چھڑک کر آگ لگائی جس کے باعث تھانے کا تمام ریکارڈ جل کر خاکستر ہوگیا جبکہ کارکنوں کے حملے کے نتیجے میں ڈکیتی کے 3 ملزمان بھی فرار ہوگئے۔ پولیس کہنا ہے کہ عوامی تحریک کے کارکناں منصوبہ بندی کے تحت آئے اور تھانے پر دھاوا بول دیا جس کی ابتدائی رپورٹ پنجاب حکومت کو بھجوا دی گئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔