سیاسی کشمکش سے سرمایہ کار پریشان حصص مارکیٹ میں پھر مندی 156 پوائنٹس کی کمی

اتار چڑھاؤ، کاروبار کے مثبت آغاز کے بعد فروخت پر دباؤ، مارکیٹ 29631 پوائنٹس پر پہنچنے کے بعد نیچے آ گئی


Business Reporter August 09, 2014
338 میں سے 207 کمپنیوں کی قیمتیں گر گئیں، سرمایہ کاروں کو 41 ارب 89 کروڑ کا نقصان، کاروباری حجم 40 فیصد کم، صرف 7 کروڑ 19 لاکھ حصص کے سودے۔ فوٹو: فائل

کراچی اسٹاک ایکسچینج میں جمعہ کے روز کاروباری سرگرمیوں میں مندی کا رجحان رہا، کے ایس ای 100انڈیکس 156.54 پوائنٹس کی کمی سے 29380.50 پوائنٹس کی سطح پر آگیا۔

جمعہ کو مارکیٹ میں کاروبار کے دوران اتار چڑھاؤ دیکھا گیا، مندی کی وجہ سے کے ایس ای 100 انڈیکس 2950 اور 29400 کی نفسیاتی حدوں سے گر گیا، مارکیٹ سرمائے میں 41 ارب 88 کروڑ روپے سے زائد کی کمی ہوئی، کاروباری حجم جمعرات کے مقابلے میں 40.61 فیصدکم رہا۔ شیئرز مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے اختتام پر حکومتی مالیاتی اداروں، مقامی بروکریج ہاؤسز اور دیگر انسٹی ٹیوشنز کی جانب سے فرٹیلائزر، آئل، بینکنگ، توانائی اور سیمنٹ سیکٹر میں خریداری کے باعث کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا۔

ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای 100انڈیکس 29631 پوائنٹس کی سطح پر بھی ریکارڈ کیا گیا تاہم بعد ازاں پاکستان تحریک انصاف، عوامی تحریک اور حکومت کے درمیان جاری محاذ آرائی، سیاسی افق پر چھائی بے چینی کے باعث سرمایہ کار تذبذب کا شکار نظر آئے اور انہوں نے اپنے حصص فروخت کرنے کو ترجیح دی جس کے باعث تیزی کے اثرات زائل ہو گئے۔ کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 156.54 پوائنٹس کی کمی سے 29380.50 پوائنس پر بند ہوا۔

کے ایس ای 30 انڈیکس 130.78پوائنٹس گھٹ کر 20429.69 پوائنٹس ،کے ایم آئی 30 انڈیکس 302.74 پوائنٹس کی کمی سے 47460.03 جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس119.28پوائنٹس گھٹ کر 21562.51 پوائنٹس پر بند ہوا، مارکیٹ میں 338 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 111 کمپنیوں حصص کے بھاؤ میں اضافہ اور 207 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی رہی جبکہ 20 کمپنیوں کے حصص کے بھائو میں استحکام رہا، مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 41 ارب 88 کروڑ87 لاکھ 8 ہزار969 روپے گھٹ کر 69 کھرب 6 ارب 97 کروڑ 43 لاکھ 4 ہزار 570 روپے رہ گیا۔

جمعہ کو کاروباری سرگرمیاں7 کروڑ 19 لاکھ 46ہزار410شیئرز رہیں جو جمعرات کے مقابلے میں 4 کروڑ 92 لاکھ 8 ہزار 880 شیئرزکم ہیں، اینگرو فرٹیلائزر کی سرگرمیاں 83 لاکھ 44 ہزار شیئرز کے ساتھ سرفہرست رہیں جس کے شیئرز کی قیمت 1 روپے 35پیسے اضافے سے57.13 جبکہ لافارج پاک کی سرگرمیاں 64 لاکھ 21 ہزار 500 شیئرزکے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں جس کے شیئرز کی قیمت 19 پیسے کمی سے15.60 روپے ہوگئی۔

قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے حساب سے باٹا پاک کے حصص سرفہرست رہے جس کے حصص کی قیمت 38 روپے کے اضافے سے 3417 روپے، بھنیرو ٹیکسٹائل کے حصص کی قیمت 23.90 روپے بڑھ کر 513.90 روپے پر بند ہوئی، نمایاں کمی رفحان میظ کے حصص میں ریکارڈ کی گئی جس کے حصص کی قیمت410 روپے کی کمی سے 10800 روپے جبکہ وائتھ پاک کے حصص کی قیمت 149.99 روپے گھٹ کر 3050.02 روپے پر بند ہوئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں