سیمنٹ کی مجموعی فروخت میں گزشتہ ماہ 1412 فیصد کمی

مقامی فروخت 6.5 فیصد گھٹ کر 1.73 ملین، برآمدات 33 فیصد کمی سے 5 لاکھ ٹن رہیں

افغانستان کو سیمنٹ ایکسپورٹ ساڑھے 4 لاکھ سے کم ہوکر صرف پونے 2 لاکھ ٹن رہ گئی۔ فوٹو: فائل

سیمنٹ کی مقامی فروخت جولائی 2014 میں 1.73 ملین ٹن رہی جو گزشتہ برس کے اسی عرصے میں 1.85 ملین ٹن کی سپلائی سے 6.52 فیصد کم ہے۔

آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن آف پاکستان (اے پی سی ایم اے) سے جاری اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ ماہ برآمدات 5 لاکھ 3 ہزار ٹن رہیں جوجولائی 2013 میں 7 لاکھ 49 ہزار ٹن کی ایکسپورٹ سے 32.89 فیصد کم ہے، اسی طرح جولائی 2014 کے دوران سیمنٹ کی مجموعی فروخت 2.23 ملین ٹن رہی جو گزشتہ برس کے اسی ماہ کے دوران2.6 ملین ٹن کی فروخت سے 14.12 فی صد کم ہے۔


سیمنٹ مینوفیکچررز کا کہنا ہے کہ خراب ترین برآمدی کارکردگی کی بڑی وجہ افغانستان کے لیے ایکسپورٹ والیوم میں کمی ہے جہاں جولائی 2013 میں 4 لاکھ 41 ہزار 812 ٹن برآمدات کی نسبت گزشتہ ماہ ایکسپورٹ صرف 1 لاکھ 83 ہزار 927 ٹن رہی۔ صنعتی ماہرین کے مطابق آنے والے مہینوں میں کمی کا یہ رحجان برقرار رہے گا کیوں کہ نیٹو افواج افغانستان سے جانے کی تیاری کر رہی ہیں۔

ماہرین کے مطابق افغانستان کو کی جانے برآمدات میں 58 فیصد سے زائد کمی عالمی منڈی میں تقابلی رحجان کی بھی آئینہ دار ہے جہاں ایران جیسے خطے کے دیگر کھلاڑی اپنی جگہ بنا رہے ہیں، بجلی اور توانائی کے ٹیرف میں بے انتہا اضافے کے بعد درآمدی کوئلے پر ڈیوٹی نے کاروباری لاگت پر دباؤ میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

جنوبی علاقوں میں واقع سیمنٹ پلانٹس نے برآمدات میں زیادہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور سمندر کے ذریعے جنوبی علاقوں سے کی جانے والی برآمدات میں صرف 7.2 فیصد کمی دیکھنے میں آئی جبکہ شمالی علاقوں سے کی جانے والے برآمدات کو43.9 فیصد کی انتہائی کمی کا سامنا کرنا پڑا تاہم مقامی منڈی میں شمالی علاقوں کی سیمنٹ فروخت 5.9 فیصد تک محدود رہی اور اس کی نسبت جنوبی علاقوں سے کی جانی مقامی ترسیلات میں 9.1 فیصد کمی دیکھنے میں آئی۔ ماہرین کے مطابق یہ صورتحال جزوی طور پر برسات اور جزوی طور پر غیر یقینی سیاسی موسم کی وجہ سے پیدا ہوئی ہے۔
Load Next Story