بلدیہ عظمیٰ کا آپریشن جیل چورنگی سے حسن اسکوائر تک تجاوزات کا خاتمہ

یونیورسٹی روڈ اور اطراف سے تجاوزات ختم کردیں،غیرقانونی بکرا منڈی کے علاوہ جھگی ہوٹلوں کا بھی صفایا کردیا گیا


Staff Reporter August 09, 2014
پرانی سبزی منڈی کے قریب بلدیہ عظمیٰ کا عملہ تجاوزات کے خلاف کارروائی کررہا ہے۔ فوٹو: ایکسپریس

بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات نے جیل چورنگی سے حسن اسکوائر تک یونیورسٹی روڈ اور حسن اسکوائر سے عیسیٰ نگری تک سر شاہ سلیمان روڈ پر غیرقانونی تجاوزات کے خلاف بھاری مشینری کے ذریعے بھرپور آپریشن کیا اور فٹ پاتھ اور سڑک پر لگنے والی غیرقانونی بکرا منڈی کے علاوہ بڑی تعداد میں جھگی ہوٹلوں ،تخت، پتھارے، پان کے کیبنوں، گنے کی مشینیں اور سن شیڈ کا بھی خاتمہ کردیا۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ انسداد تجاوزات کے ڈائریکٹر مظہر خان کی سربراہی میں جمعہ کے روزانسداد تجاوزات سیل کے اسسٹنٹ کمشنر جمشید ٹائون عدنان محمود اعوان، ڈپٹی ڈائریکٹر محمد ریحان صدیقی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر اظہر حسین نقوی کے علاوہ انسداد تجاوزات کے عملے اور پولیس کی بھاری نفری بھی موجود تھی، تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران سڑک کے دونوں جانب موجود جھگی ہوٹلوں ،تخت، پتھارے، پان کے کیبنوں، گنے کی مشینیں ،سن شیڈ اور غیر قانونی بکرا منڈی کا بھی خاتمہ کردیا گیا جبکہ فٹ پاتھ پر لگے ہوئے تخت بھی ہٹا دیے گئے۔

ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں محکمہ انسداد تجاوزات کے ڈائریکٹر مظہر خان نے بتایا کہ غیرقانونی بکرا منڈیوں کے علاوہ تجاوزات کے خلاف عوام کی کافی عرصے سے شکایات موصول ہو رہی تھی جس کی وجہ سے اس علاقے میں غیرقانونی تجاوزات کے خلاف کارروائی کی گئی۔

واضح رہے کہ اس علاقے میں قائم کی گئیں تجاوزات طویل عرصے سے شہریوں اور ٹریفک کی آمدورفت میں رکاوٹ کا سبب بن رہی تھیں تاہم محکمہ انسداد تجاوزات کی اس کارروائی کے نتیجے میں سڑک اور فٹ پاتھ کو تجاوزات سے پاک کردیا گیا ہے اور سڑک پر ٹریفک کی روانی بحال ہونے کے ساتھ ساتھ فٹ پاتھ پر پیدل چلنے والوں کو بھی سہولت حاصل ہوگئی ہے، تجاوزات کیخلاف کیے جانیوالے اس آپریشن کے دوران شہریوں کی ایک بڑی تعداد جمع ہوگئی اور انھوں نے محکمہ انسداد تجاوزات کی اس کارروائی کو سراہا جس کے باعث انھیں غیرقانونی تجاوزات سے نجات ملی، واضح رہے کہ غیرقانونی تجاوزات سے متعلق تمام ضبط کیا گیا سامان کے ایم سی اسٹور میں جمع کرادیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔