عمران خان اور طاہرالقادری کیخلاف طاقت استعمال کی گئی تو بہت خون خرابہ ہوگا رحمان ملک

عمران خان ملین مارچ کریں گے تو کیا ہوگا ایک دو دن اسلام آباد میں بیٹھ کر چلے جائیں گے، رہنما پیپلز پارٹی


ویب ڈیسک August 09, 2014
حکومت سوچ کا اندازبدلے اور ایسے اقدامات کرے جس سے جمہوریت کو نقصان نہ پہنچے،رحمان ملک فوٹو: فائل

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر رحمان ملک کا کہنا ہے کہ حکومت ہوش کے ناخن لیں، احتجاج کرنا عمران خان اور طاہر القادری کا جمہوری حق ہے اور اگر طاقت کا استعمال کیا گیا تو پنجاب کے ہر شہر میں خون خرابہ ہوگا۔

کراچی ایئر پورٹ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی ملک میں جمہوری نظام کے جاری وساری رہنے کے لئے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی لیکن حکومت کو بھی ہوش کے ناخن لینا ہوں گے۔ حکومت کو انقلاب اور مارچ کا پہلے علاج کرنا چاہئیےتھا۔ حکومت اس مسئلے کا اے پی سی میں حل نکالے اور وزیر اعظم نواز شریف خود آگے بڑھ کرمعاملے کو دیکھیں۔ احتجاج کرنا عمران خان اور طاہر القادری کا جمہوری حق ہے،حکومت عمران خان اور طاہر القادری کو پر امن احتجاج کرنے دے۔ پیپلزپارٹی کے سابق دور حکومت میں بھی کئی لانگ اور شارٹ مارچ ہوئے لیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ہم طاہرالقادری سے پیار اور محبت سے نمٹے تھے۔

رحمان ملک نے کہا کہ عمران خان ملین مارچ کریں گے تو کیا ہوگا ایک دو دن اسلام آباد میں بیٹھ کر واپس چلے جائیں گے۔ اس کے علاوہ طاہر القادری کو بھی فری ہینڈ دینا چاہئیے، پولیس اور پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں میں تصادم ہوچکا ہے اب تک کئی افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات بھی ملی ہیں اور اگر مزید افراد جاں بحق ہوئے تو پنجاب کے ہر شہر میں خون خرابہ ہوگا۔ انہوں نے طاہر القادری اور عمران خان سے اپیل کی کہ وہ اپنے کارکنوں کو پر امن رہنے کی ہدایت کریں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |