پنجاب حکومت ڈاکٹر طاہرالقادری کے معاملے پر کینیڈین حکومت سے رابطہ کرے گیرانا مشہود

کینیڈا کی حکومت کو کہا جائے گا کہ یا تو وہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے خلاف کارروائی کرے یا اس کی شہریت منسوخ کرے، رانا مشہود


ویب ڈیسک August 09, 2014
کینیڈا سے ایک غیر ملکی ایجنٹ پاکستان میں آیا ہے، رانا مشہود فوٹو: فائل

وزیر قانون پنجاب رانا مشود احمد کا کہنا ہے کہ کینیڈین حکومت سے کہا جائے گا کہ یا تو وہ خود اپنے شہری طاہر القادری کے خلاف کارروائی کرے یا اس کی شہریت منسوخ کی جائے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران صوبائی وزیر قانون کا کہنا تھا کہ کینیڈا سے ایک غیر ملکی ایجنٹ پاکستان میں آیا ہے۔ بیرونی اشاروں پر چلنے والوں کے لئے ملک میں کوئی جگہ نہیں۔ پنجاب حکومت وفاقی حکومت کو کینیڈا کی حکومت کو خط لکھنے کی درخواست کررہی ہے جس میں کہا جائے گا کہ ان کا شہری ہمارے ملک میں انتشار پھیلارہا ہے، کینیڈین حکومت سے کہا جائے گا کہ یا تو وہ خود اپنے شہری کے خلاف کارروائی کرے یا اس کی شہریت منسوخ کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ یوم شہدا کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی گھروں میں بھی ہوسکتی ہے لیکن یہ لوگ قرآن خوانی کےلئے نہیں آرہے، درحقیقت یہ لوگ دہشت گرد ہیں۔ لاہور آنے والے 17 قافلوں سے اسلحہ برآمد ہوا ہے، ڈاکٹر طاہر القادری خود اپنے کارکنوں کو ڈنوں اور لاٹھیوں میں کیلیں ٹھونکنے کا کہہ چکے ہیں۔

رانا مشہود نے کہا کہ ہمارا آئین طاقت سے حکومت ختم کرنے کی اجازت نہیں دیتا،انتشار پھیلانے والے دنیا بھرمیں پاکستان کا نام بدنام کررہے ہیں اور حکومت کی رٹ کو بار بار چیلنج کیا جارہا ہے۔ پنجاب کے مختلف شہروں میں ہونے والی ہنگامہ آرائی کے دوران 300 سے زائد پولیس اہلکاروں کو زخمی کردیا گیا،کارکنوں نے طاہرالقادری کی ایما پر ہنگامہ آرائی کی۔ جب سرعام پولیس اہلکاروں کو اغوا کیا جائے تو حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اپنی رٹ قائم کرے۔ پولیس شرپسندوں سے نمٹنے کے لئے تیارہے لیکن پولیس اہلکارنہایت تحمل اورصبر کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے مختلف عالقوں میں ہنگامہ آرائی کے باعث راستے بند ہونے کی وجہ سے پٹرول کی سپلائی وقت پر نہیں پہنچ سکی لیکن آئندہ چند گھنٹوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت ختم کردی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔