امن کی یقین دہانی پرہی تحریک انصاف کے مارچ کو داخلے کی اجازت دیں گے اسلام آباد انتظامیہ

تحریک انصاف کی جانب سے جلسے کیلئے اسلام آباد انتظامیہ سے تاحال کوئی رابطہ نہیں کیا گیا،اسسٹنٹ کمشنرکامران چیمہ

اسلام آباد میں لانگ مارچ کے لیے فوج کی تعیناتی سے متعلق تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ،اسسٹنٹ کمشنر، فوٹو:فائل

اسسٹنٹ کمشنر اسلام آباد کامران چیمہ کا کہنا ہےکہ تحریک انصاف کی جانب سے امن قائم رکھنے کی یقین دہانی کے بعد ہی انہیں وفاقی دارالحکومت میں داخلے کی اجازت دی جائے گی۔

اسسٹنٹ کمشنر اسلام آباد کامران چیمہ کے مطابق تحریک انصاف کی جانب سے جلسے کے لئے اسلام آباد انتظامیہ سے تاحال کوئی رابطہ نہیں کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں فیض آباد اور زیرو پوائنٹ سمیت کسی بھی عوامی مقام پر تحریک انصاف کو جلسے کی اجازت دی جاسکتی ہے تاہم تحریک انصاف کی جانب سے امن قائم رکھنے کی یقین دہانی کےبعد ہی انہیں شہر میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی۔


اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں لانگ مارچ کے لیے فوج کی تعیناتی سے متعلق تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے تاہم امن وامان کے خدشات کے پیش نظر شہر میں تمام حساس عمارتوں پر فوج کو تعینات کیا گیا ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر شہر میں گیسٹ ہاؤس اور ہوٹلوں کی بھی کڑانی نگرانی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، شہر کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر اسٹرائیکنگ فورس کے اہلکاروں کو تعینات کردیا گیا ہے جبکہ ایس پیز اور ایس ڈی پی اوز سمیت تمام افسران کو موجود رہنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے اسلام آباد میں جلسے اور اجتماع سے سختی سے نمٹنے کا فیصلہ کیا ہے اور کسی بھی صورت میں ہجوم کو شہر میں داخل ہونے سے روکنے کے لیے آزاد کشمیر پولیس کے بھی ایک ہزاراہلکاروں کو طلب کیا گیا ہے۔
Load Next Story