افراط زر کی شرح میں گزشتہ ہفتے 062 فیصد کمی

7 اگست کو ختم ہفتے میں 12 اشیا مہنگی، 13 سستی، مہنگائی میں سال بہ سال 7 فیصد اضافہ

7 اگست کو ختم ہفتے میں 12 اشیا مہنگی، 13 سستی، مہنگائی میں سال بہ سال 7 فیصد اضافہ۔ فوٹو: فائل

ملک میں گزشتہ ہفتے حساس اشیا کی قیمتوں میں ہفتہ وار بنیادوں پر کمی ہوئی تاہم ایک سال کے دوران قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔


پاکستان بیوروشماریات (پی بی ایس) سے جاری اعدادوشمار کے مطابق 7 اگست 2014 کو ختم ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اشاریے (ایس پی آئی) کی سطح 217.66 ریکارڈ کی گئی جو 28 جولائی2014 کو 219.02 اور ایک سال قبل 7اگست2013 کو 203.42 ریکارڈ کی گئی، اس طرح ہفتہ وار بنیادوں پر حساس قیمتوں کے اشاریے کے لحاظ سے افراط زر کی شرح میں 0.62 فیصد کمی دیکھی گئی تاہم سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 7 فیصد اضافہ ہوا۔

اس دوران ملک میں12اشیا کی اوسط قیمتوں میں اضافہ، 13 میں کمی اور 28 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ اعدادوشمار کے مطابق 7 اگست کو ختم ہفتے کے دوران سب سے زیادہ اضافہ ماچس کی قیمت میں 7.84 فیصد ہواجبکہ انڈے، لہسن، آٹے، دال ماش کے علاوہ گائے کے ہڈی والے گوشت، سگریٹس، گندم، چینی، دہی، تازہ دودھ اور بکرے کے گوشت کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا، گزشتہ ہفتے سب سے زیادہ کمی ٹماٹر کی قیمت میں 41.89 فیصد ہوئی، اس کے علاوہ کیلے، آلو، زندہ مرغی، دال مونگ، پیاز، ایل پی جی گھریلوسلنڈ، اری 6 چاول، مسور کی دال، سرخ مرچ پسی ہوئی، ویجیٹیبل گھی، گڑ اور سرسوں کے تیل کی قیمتوں میں بھی کمی آئی۔
Load Next Story