پی سی بی کو نیا ’’باس‘‘ دلانے کیلیے تیاریاں مکمل

پی سی بی گورننگ بورڈ کے ارکان18اگست کو چیرمین کا فیصلہ کرینگے، انتخابی عمل کاشیڈول جاری


Sports Reporter August 10, 2014
وزارت بین الصوبائی رابطہ امور کی طرف سے یہ ذمہ داری سونپے جانے کے پانچویں روز ہی جسٹس (ر) ثائر علی نے الیکشن کا شیڈول جاری کردیا ہے۔ فوٹو: فائل

پی سی بی کو نیا ''باس'' دلانے کیلیے تیاریاں مکمل کرلی گئیں، گورننگ بورڈ کے ارکان 18اگست کو چیئرمین کا انتخاب کرینگے۔

نگراں سربراہ اور الیکشن کمشنر جسٹس (ر) ثائرعلی نے شیڈول جاری کردیا۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے2رکنی بینچ کی جانب سے 21 جولائی کے فیصلے میں 7دن کے اندر نگراں چیئرمین اور الیکشن کمشنر کا تقرر کرکے ایک ماہ میں پی سی بی کے مستقل سربراہ کا انتخاب کرانے کا حکم دیا گیا تھا، وزارت بین الصوبائی رابطہ امور کی طرف سے یہ ذمہ داری سونپے جانے کے پانچویں روز ہی جسٹس (ر) ثائر علی نے الیکشن کا شیڈول جاری کردیا ہے۔ بورڈکی پریس ریلیز کے مطابق کاغذات نامزدگی 15اگست کی شام 5بجے تک وصول کیے جائینگے، اگلے روز اسکروٹنی اور پییرز واپس لینے کا مراحل مکمل کرنے کے بعد امیدواروں کی فہرست جاری کردی جائیگی۔

الیکشن کیلیے بورڈ آف گورنرز کا خصوصی اجلاس اور کامیاب امیدوار کا اعلان 18اگست کو کیا جائیگا، نو منتخب چیئرمین اسی روز اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیں گے۔ الیکشن کیلیے الیکٹورل کالج میں اسلام آباد ریجن کے نمائندے شکیل شیخ اور پشاور سے گل زادہ شامل ہونگے، کراچی کا معاملہ سندھ ہائیکورٹ میں ہونے کی وجہ سے نمائندے کا فیصلہ عدالتی فیصلے یا حکم سے مشروط ہوگا، راولپنڈی ریجن کا کوئی منتخب نمائندہ نہ ہونے کی وجہ سے نامزدگی ہی نہیں کی جاسکی۔

ڈپارٹمنٹس میں اقبال قاسم نیشنل بینک، امجد لطیف سوئی ناردرن گیس،منصور مسعود خان یونائیٹڈ بینک اور یوسف نسیم کھوکھر واپڈا کی نمائندگی کرینگے۔ سرپرست اعلیٰ وزیر اعظم نواز شریف کے نامزد 2 ارکان نجم سیٹھی اور شہر یار خان بھی موجود ہونگے۔ بین الصوبائی رابطہ امور کی وزارت کے سیکریٹری یا حکومت کا نامزد کردہ کوئی افسر بھی اجلاس میں شامل لیکن اسے ووٹ کا حق حاصل نہیں ہوگا۔ ذرائع کے مطابق عبوری مینجمنٹ کمیٹی کی رکنیت کے بعد ہنگامی طور پر گورننگ بورڈ کا حصہ بنائے جانے والے سابق چیئرمین شہر یار خان دوسری اننگز کھیلنے کیلیے مضبوط امیداور ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔