ایم کیوایم کے ڈپٹی کنوینرناصرجمال اور رکن ڈاکٹرصغیررابطہ کمیٹی کی ذمہ داریوں سےسبکدوش

متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کردی ہے۔

ناصر جمال سے ان کی مصروفیات اور ڈاکٹر صغیر احمد کو وزارت کی جانب زیادہ توجہ دینے کے لئے ان کی تنظیمی ذمہ داریوں سے سبکدوش کیا گیاہے، فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ناصر جمال اور رکن ڈاکٹر صغیر احمد کو رابطہ کمیٹی کی ذمہ داریوں سے سبکدوش کردیا ہے۔


متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق رابطہ کمیٹی نے ڈپٹی کنوینر ناصر جمال کی مصروفیات کو مد نظر رکھتے ہوئے رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر اور رکن کی حیثیت سے ان کی ذمہ داریاں واپس لے کر ان کی خدمات سینٹرل انفارمیشن کمیٹی کے سپرد کردی ہیں۔

رابطہ کمیٹی کے رکن اور صوبائی وزیر ڈاکٹر صغیر احمد کو بھی رابطہ کمیٹی کی ذمہ داریوں سے سبکدوش کر دیا گیا ہے تاکہ وہ بحیثیت وزیر صحت اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے پورا کر سکیں اور سندھ میں صحت سے متعلق معاملات کو بہتر کرسکیں۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے بھی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کردی ہے۔
Load Next Story