ورلڈ ٹی 20 کامران پر تقدیر مہربان مصباح کا ارمان ادھورا رہ گیا

عبدالرزاق اور عمران نذیر بھی ابتدائی30پاکستانی کھلاڑیوں میں شامل، اقبال قاسم

عبدالرزاق اور عمران نذیر بھی ابتدائی30پاکستانی کھلاڑیوں میں شامل،وکٹ کیپرٹیم کیلیے اچھا کھیل پیش کرسکتا ہے، اقبال قاسم۔ فوٹو/ایکسپریس

رواں برس سری لنکا میں شیڈول ورلڈ ٹوئنٹی20کیلیے پاکستان کے ابتدائی 30 کھلاڑیوںکا اعلان کر دیا گیا ہے،کامران اکمل پر ایک بار پھر تقدیر مہربان ہو گئی، وہ انٹیگریٹی کمیٹی سے کلیئرنس ملنے کے بعد سلیکٹرز کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب رہے، منتخب کھلاڑیوں میں عبدالرزاق اور عمران نذیر بھی شامل ہیں،تینوں بورڈ سے سینٹرل کنٹریکٹ پانے میں ناکام رہے تھے، ایونٹ میں شرکت کے حوالے سے مصباح الحق کا ارمان ادھورا رہ گیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان نے ورلڈ ٹوئنٹی20 کے ابتدائی پلیئرز کی فہرست آئی سی سی کو ارسال کر دی، منتخب کھلاڑیوں میں کامران اکمل کا نام بھی شامل ہے،وہ 4 جولائی کو انٹیگریٹی کمیٹی کے سامنے پیش ہوئے،کلین چٹ ملنے کے بعد انھیں ابتدائی اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا،کامران اکمل نے آخری بار ورلڈ کپ 2011ء میں ملک کی نمائندگی کی تھی تاہم بعد ازاں ناقص کارکردگی اور میچ فکسنگ میں ملوث ہونے کے شبہ پر ڈراپ کر دیا گیا، اس معاملے میں ان کا نام پہلی بار اس وقت منظر عام پر آیا جب جولائی 2010ء کے ناٹنگھم ٹیسٹ کے بعد آئی سی سی سی اینٹی کرپشن اینڈ سیکیورٹی یونٹ کی طرف سے ان سے ویسٹ انڈیز میں منعقدہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے بعض امور پر معلومات طلب کی گئی تھیں،


سڈنی ٹیسٹ میں بھی پاکستان کی شکست کی وجہ انھیں قرار دیا گیا، میچ کے دوران کامران جہاں شین واٹسن کو رن آئوٹ کرنے میں ناکام رہے وہیں مائیکل ہسی کو کیچ کرنے کے تین مواقع بھی ضائع کیے،بعد ازاں وکٹ کیپر نے دعویٰ کیا کہ انھیں آئی سی سی کی طرف سے کلیئر کر دیا گیا ہے،بکی مظہر مجید نے اسپاٹ فکسنگ کیس میں بھی کامران کا نام لیا تاہم لندن کی عدالت نے انھیں طلب کیا نہ محمد آصف، محمد عامر اور سلمان بٹ کی طرح ان پر آئی سی سی کی طرف سے کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کی گئی۔ چیف سلیکٹر اقبال قاسم کا کہنا ہے کہ کامران اکمل کوانٹیگریٹی کمیٹی سے کلیئرنس کے بعد ابتدائی اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا،سلیکشن کمیٹی سمجھتی ہے کہ ابھی ان کی کرکٹ باقی ہے، وہ ورلڈ ٹوئنٹی20کے دوران بطور وکٹ کیپر اور اوپننگ بیٹسمین ٹیم کیلیے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر سکتے ہیں۔ دوسری جانب اوپنرعمران نذیر بھی سلیکٹرز کا اعتماد پانے میں کامیاب رہے،

انھوں نے فروری 2010ء میں آخری بار ملک کی نمائندگی کی تھی،انھوں نے قومی سپر ایٹ ٹوئنٹی20 ایونٹ میں سیالکوٹ اسٹالینز کی طرف سے 47.75 کی اوسط سے 191 رنز بنائے، عمران نے بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کے دوران ڈھاکاگلیڈیٹرز کی طرف سے کھیلتے ہوئے390 رنز بنائے تھے۔ آل رائونڈر عبدالرزاق بھی ابتدائی فہرست کا حصہ ہیں، گذشتہ برس نومبر میں کندھے کی انجری کا شکار ہو کر وہ ٹیم سے باہر ہوئے اوران دنوں انگلینڈ میں کائونٹی کرکٹ کھیل رہے ہیں۔

دریں اثنا مصباح الحق کی میگا ایونٹ کھیلنے کی خواہش پوری نہیں ہو سکے گی،18ستمبرسے سری لنکا میں شروع ہونی والے ورلڈ ٹوئنٹی20کیلیے منتخب شدہ 30کھلاڑیوں میں محمد حفیظ، احمد شہزاد، خالد لطیف، ناصر جمشید، عمران نذیر، شاہ زیب حسن، اویس ضیا اورشرجیل خان (اوپنرز) عمراکمل، اسدشفیق، حارث سہیل، شعیب ملک اوررمیز راجہ جونیئر (مڈل آرڈر بیٹسمین) شاہدخان آفریدی، حماد اعظم اور عبدالرزاق (آل راؤنڈرز) عمر گل، محمد سمیع، سہیل تنویر، یاسرعرفات، وہاب ریاض، جنید خان، اعزازچیمہ اور انورعلی (فاسٹ بولرز) سعیداجمل، عبدالرحمان اور رضاحسن (اسپنرز) جبکہ سرفراز احمد، کامران اکمل اورشکیل انصر (وکٹ کیپرز) شامل ہیں۔
Load Next Story