غزہ میں اسرائیلی جارحیت دوسرے ماہ میں داخل مزید9 فلسطینی شہید متعدد زخمی

اسرائیلی افواج نے دیر البلاح اور رفاح کے علاقے پر 50 سے زائد فضائی حملے کیے


ویب ڈیسک August 10, 2014
اسرائیل کی جانب 25 راکٹ فائر کیے جس کے باعث ایک اسرائیلی فوجی اور ایک شہری زخمی ہو گیا۔ فوٹو: فائل

نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی جارحیت دوسرے ماہ میں داخل ہوگئی اور تازہ بمباری میں مزید 9 فلسطینی شہید جب کہ متعدد زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اتوار کے روز بھی اسرائیلی افواج نے دیر البلاح اور رفاح کے علاقے پر 50 سے زائد فضائی حملے کیے جن میں 9 فلسطینی شہید جب کہ متعدد زخمی ہو گئے۔ فلسطین کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں سے بعض کی حالت نازک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

حماس نے بھی اسرائیل کی جانب 25 راکٹ فائر کیے جس کے باعث ایک اسرائیلی فوجی اور ایک شہری زخمی ہو گیا۔ دوسری جانب مغربی پٹی کے علاقے الخلیل میں فلسطینیوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئی جن میں 15 فلسطینی نوجوان زخمی ہوگئے۔ اس کے علاوہ رم اللہ میں بھی فلسطینیوں اور صیہونی فوجیوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔

اسرائیلی جارحیت کے خلاف برطانیہ، جرمنی، فرانس ، ایران، جنوبی افریقہ، آسٹریلیا، بھارت اور چلی میں مظاہرے کئے گئے، مظاہرین نے غزہ پر اسرائیلی بمباری کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور نہتے فلسطینیوں پر فوری طور پر ظلم روکنے کا مطالبہ کیا۔

واضح رہے کہ اسرائیل نے 8 جولائی کو'پروٹیکٹو ایج' کے نام سے ایک آپریشن شروع کیا جس میں اب تک 1900 سے زائد فلسطینی شہید جب کہ 10 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں