حکمرانوں کی سوچ بادشاہوں والی ہے اور وہ ہرقیمت پر محاذ آرائی پر تلےہوئے ہیں رشید گوڈیل

وزیراعلیٰ جب پنجاب لوڈ شیڈنگ کےخلاف احتجاج کرتے تھے تو انہیں اس وقت کی حکومت نے نہیں روکا تھا، رہنما ایم کیو ایم


ویب ڈیسک August 10, 2014
جلسے جلوس اور احتجاج ہر شخص کا حق ہے، رشید گوڈیل فوٹو: ایکسپریس نیوز

قومی اسمبلی میں متحدہ قومی موومنٹ کے پارلیمانی لیڈر رشید گوڈیل کا کہنا ہے کہ جلسے جلوس سیاسی جماعتوں کا حق ہے لیکن حکمرانوں کی سوچ بادشاہوں والی ہے اور ہر قیمت پر محاذ آرائی پر ہی تلے ہوئے ہیں۔

منہاج القرآن سیکریٹریٹ لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عبدالرشید گوڈیل کا کہنا تھا کہ وہ رابطہ کمیٹی کے ارکان کے ہمراہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی ہدایت پر منہاج القرآن میں موجود خواتین کے لئے کھانے پینے کا سامان لائے تھے لیکن وہاں موجود پولیس اہلکاروں نے سامان سے بھری گاڑیوں کو جانے کی اجازت نہیں دی جس کے بعد وہ کھانے پینے کا سامنا اپنے اپنے سروں اور اور کمر پر لاد کر پیدل ہی نکلے تاہم راستے میں انہیں چند لوگوں نے لفٹ دی اور وہ 3 کلومیٹر دور منہاج القرآن سیکریٹریٹ پہنچے۔

رشید گوڈیل کا کہنا تھا کہ جلسے جلوس اور احتجاج ہر شخص کا حق ہے، ماضی میں جب وزیراعلیٰ پنجاب لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج کرتے تھے تو انہیں اس وقت کی حکومت نے نہیں روکا تھا لیکن یہ کون سا طریقہ ہے کہ بچوں کے لئے دودھ اور خواتین کے لئے کھانے پینے کا سامان بھی نہیں لے جانے دیا گیا ۔ اس کے علاوہ ایم کیو ایم یہاں میڈیکل کیمپ بھی لگانا چاہتی تھی لیکن یہ بھی روک دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کے اس قسم کے اقدامات یہ ظاہر کرتے ہیں کہ ان کی سوچ بادشاہون والی ہے۔ ایم کیو ایم قومی سلامتی کانفرنس میں شریک ہوئی تاکہ انہیں بتایا جاسکے کہ اس وقت ملک محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہوسکتا، شمال وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری ہے لیکن حکمران محاذ آرائی پر ہی تلے ہوئے ہیں۔

اس سے قبل رشید گوڈیل اور دیگرارکان قومی وصوبائی اسمبلی جب منہاج القرآن سیکریٹریٹ میں موجود خواتین اور بچوں کے لئے کھانا لے کر پہنچے تو پولیس نے انہیں روک لیا اس دوران رشید گوڈیل نے پولیس کو کھانا چیک کرکے لے جانے کی بھی پیش کش کی اس کے باوجود پولیس نے رشیدگوڈیل کو کھانا لے جانے نہیں دیا جس ہر الطاف حسین نے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی اور لاہور کے عوام کھانا لے جانے سے روکنے پر شدید غم و غصے میں ہیں۔ وہ تشدد کے خلاف ہیں اس لئے معصوم بچوں کے لئے دودھ اور خواتین کےلئے کھانا لے جانے دیا جائے اگر کھانا لے جانے کی اجازت نہ ملی تو رابطہ کمیٹی اپنے مطالبے پر عمل کرنے میں آزاد ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں