سری لنکا نے گال ٹیسٹ میں پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔
گال انٹر نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز پاکستان کی پوری ٹیم صرف 180 رنزبنا کر ڈھیر ہوگئی یوں سری لنکا کو جیت کے لئے 99 رنز کا ہدف ملا جسے آئرلینڈر بیٹسمینوں نے پراعتماد بیٹنگ کرتے ہوئے باآسانی 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، سری لنکا کی جانب سے اوپل تھرنگا 12، مہیلا جے وردھنے 26 اور سنگارا کارا 21 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جبکہ کپتان انجیلو میتھیوز 25 اور کیتھرون ویتھاناگے 11 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔
اس سے قبل آخری روز کا کھیل شروع ہوا تو احمد شہزاد ایک اور سعید اجمل صفر رنز پر کریز پر موجود تھے، پاکستان بیٹسمین ایک مرتبہ پھر لنکن بولرز کے سامنے بوکھلا گئے اور وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتے گئے، 11 کے مجموعی اسکور پر سعید اجمل 4 رنز بنانے کے بعد دھمیکا پرساد کا شکار بن گئے جبکہ احمد شہزاد بھی زیادہ دیر تک لنکن بولرز کے سامنے مزاحمت نہ کرسکے اور 16 رنز بناتے ہوئے پریرا کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، اسی طرح اظہر علی نے مزاحمت کی کوشش کی ہی تھی کہ 111 کے مجموعی اسکور پر 41 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔
پہلی اننگز میں 177 رنز بنانے والے یونس خان دوسری اننگز میں خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور محض 13 رنز بنانے کے بعد ہیراتھ کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، کپتان مصباح الحق 28، اسد شفیق 8، عبدالرحمان 1، محمد طلحہ 4اور جنید خان صفر پر آؤٹ ہوئے تاہم وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد نے وکٹ کے چاروں اطراف کھیلتے ہوئے 52 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ سری لنکا کی جانب سے رنگانا ہیرات نے 6، دلروروان پریرا 2،شمندا ایرنگا اور دھمیکا پرساد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی جس کے بعد سری لنکا کو پاکستان پر 2 ٹیسٹ میچز سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہوگئی۔
واضح رہے کہ پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 451 جبکہ سری لنکا نے پہلی اننگز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 533 رنز بنانے کے بعد اننگز ڈکلئیر کردی تھی۔