انٹر میڈیکل اور ہوم اکنامکس کے نتائج جاری طالبات پھر بازی لے گئیں

میڈیکل میں بھوانہ بائی اور مہرین نے مشترکہ طور پر پہلی، فیضان نے دوسری جبکہ خوش بخت اور سدرہ نے تیسری پوزیشن لی


Staff Reporter August 12, 2014
پری میڈیکل میں پوزیشن حاصل کرنے والی بھوانہ بائی ،مہرین، فیضان، خوش بخت اور سدرہ۔ فوٹو: ایکسپریس

اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرسال دوئم سائنس پری میڈیکل، میڈیکل ٹیکنالوجی اور ہوم اکنامکس گروپس کے سالانہ امتحانات برائے 2014ء کے نتائج جاری کردیے۔

اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے ناظم امتحانات عمران چشتی کی جانب سے جاری کیے گئے نتائج کے مطابق انٹرپری میڈیکل کے نتائج میں پہلی اور تیسری پوزیشن مشترکہ طورپر2،2امیدوارںوں نے حاصل کی اور پوزیشنز کے حصول میں طالبات کاپلڑابھاری رہا، صرف دوسری پوزیشن ایک طالبعلم نے حاصل کی، دوسری جانب پری میڈیکل کے نتائج میں سرکاری کالج پوزیشنزپرحاوی رہے اورسوائے مشترکہ پہلی میں سے ایک پوزیشن کے تمام پوزیشنز سرکاری کالجوں نے حاصل کی۔

نتائج کے مطابق سائنس پری میڈیکل کے امتحانات میں گورنمنٹ کالج برائے خواتین شاہراہ لیاقت کی طالبہ بھوانہ بائی بنت بھیم راج اور لیاقت کالج آف مینجمنٹ اینڈ سائنسز کی طالبہ مہرین عمر زبیر بنت محمد عمر زبیراعوان نے 999 نمبرلے کر اے ون گریڈ حاصل کرتے ہوئے مشترکہ طور پر پہلی پوزیشن حاصل کی، آدم جی گورنمنٹ سائنس کالج کے طالب علم سید فیضان علی 998 نمبر لے کر اے ون گریڈحاصل کرکے دوسری پوزیشن جبکہ سینٹ لارنس گورنمنٹ گرلزڈگری کالج کی طالبہ خوش بخت کرار بنت سید کرار رضا کاظمی اور پی ای سی ایچ ایس گورنمنٹ کالج فار ویمن کی طالبہ سدرہ محمد حسین بنت محمد حسین نے 981 نمبر اے ون گریڈ حاصل کرکے مشترکہ طورپر تیسری پوزیشن حاصل کی۔



ہوم اکنامکس کے امتحانات میں تینوں پوزیشنیں رعنا لیاقت علی خان گورنمنٹ کالج آف ہوم اکنامکس کی طالبات نے حاصل کیں جس میں مریم خلیل بنت جاوید خلیل نے975 نمبرز اے ون گریڈ حاصل کرتے ہوئے پہلی پوزیشن، ماریہ نسیم بنت محمد نسیم بیگ نے 971 نمبراے ون گریڈ حاصل کرکے دوسری پوزیشن جبکہ سدرہ کامران بنت شیخ کامران ریاض نے 960 نمبر اے ون گریڈ حاصل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی، سائنس پری میڈیکل کے امتحانات میں 20119 امیدواروں نے رجسٹریشن حاصل کی جبکہ 19902 امیدواران امتحانات میں شریک ہوئے۔

ان امتحانات میں 1374 امیدوار اے ون گریڈ، 3116 اے گریڈ، 3043 بی گریڈ، 2394 سی گریڈ، 880 ڈی گریڈ اور 26 امیدوار ای گریڈ میں کامیاب ہوئے، ہوم اکنامکس کے امتحانات میں 283 امیدواروں نے رجسٹریشن حاصل کی 279 امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے اور 155 امیدوار کامیاب قرار پائے اس طرح کامیابی کا تناسب 55.56 فیصد رہا ہوم اکنامکس کے امتحانات میں 3 امیدوا اے ون گریڈ، 16 اے گریڈ، 56 بی گریڈ، 53 سی گریڈ، اور 27 امیدوار ڈی گریڈ میں کامیاب ہوئے، میڈیکل ٹیکنالوجی کے امتحانات میں صرف پانچ امیدوار رجسٹریشن حاصل کر کے شریک ہوئے جس میں سے 3امیدوار کامیاب قرار پائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں