بولرز رینکنگ میں بھرپور پٹائی کے سبب سعید اجمل کی 3 درجے تنزلی

ناقص بیٹنگ نے مصباح کو ساتویں سے8ویں نمبر پر پہنچا دیا، یونس ٹاپ 10 میں شامل

سری لنکن ڈبل سنچری میکر کمار سنگاکار کو نمبر ون بننے کی صورت میں انعام مل گیا۔ فوٹو: فائل

گال ٹیسٹ میں توقعات پر پورا نہ اترنے والے پاکستانی آف اسپنر سعید اجمل کی بولرز رینکنگ میں 3 درجے تنزلی ہوگئی، وہ اب5 سے آٹھویں نمبر پر آ گئے ہیں۔

ناقص بیٹنگ نے کپتان مصباح الحق کو ساتویں سے8ویں نمبر پر پہنچا دیا، البتہ سنچری میکر یونس خان ٹاپ 10 میں شامل ہو گئے، سری لنکن ڈبل سنچری میکر کمار سنگاکارا کو نمبر ون بننے کی صورت میں انعام ملا۔ تفصیلات کے مطابق پہلے ٹیسٹ میں سعید اجمل نے مجموعی طور پر 195 رنزکے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں، اسے کسی بھی طرح ان کے شایان شان کارکردگی قرار نہیں دیا جاسکتا، اس کا اثر اسپنر کی رینکنگ پر بھی پڑا اور وہ 5 سے آٹھویں نمبر پر آ گئے۔


دوسرے اسپنر عبدالرحمان کو بھی ناقص بولنگ کا خمیازہ 2 درجے تنزلی کی صورت میں بھگتنا پڑا، ان کا نمبر اب 16 واں ہوگیا، اگلی پوزیشن پر پیسر جنید خان موجود ہیں۔ گال میں مین آف دی میچ قرار پانے والے لیفٹ آرم سلو بولر رنگانا ہیراتھ کو 2 درجے ترقی نے چھٹی پوزیشن پر پہنچا دیا، ابتدائی 3 پوزیشنز پر ڈیل اسٹین، ریان ہیرس اور مچل جانسن کا قبضہ ہے۔ دوسری جانب بیٹنگ میں پاکستانی قائد مصباح الحق بھی ایک درجے تنزلی پر مجبور ہوئے، انھوں نے31 اور28رنز کی اننگز کھیلی تھیں، وہ اب ساتویں سے آٹھویں نمبر پر پہنچ گئے۔

سنچری نے یونس خان کونمبر 11 سے10 پر رسائی دلا دی، ڈبل سنچری بنانے والے سری لنکن اسٹار سنگاکارا نے پروٹیز پلیئر اے بی ڈی ویلیئرز کو پیچھے چھوڑ کر پہلی پوزیشن حاصل کر لی، ہاشم آملا تیسرے نمبر پر ہیں، نروس نائنٹیز کی نحوست میں گھرے سری لنکن قائد انجیلو میتھیوز کیریئر میں پہلی بار ٹاپ 5 میں شامل ہوئے، پاکستانی اظہر علی 23 اور اسد شفیق 25ویں درجے پر موجود ہیں۔ ٹاپ تین آل راؤنڈز میں روی چندرن ایشون، ورنون فلینڈر اور شکیب الحسن شامل ہوئے۔
Load Next Story