اسلام آباد کے ریڈ زون ایریا میں موبائل فون سروس بند کردی گئی

موبائل فون سروس آزادی پریڈ کے موقع پر سکیورٹی خدشات کے پیش نظرتاحکم ثانی بند کی گئی،وزارت داخلہ


ویب ڈیسک August 12, 2014
ریڈزون ایریا میں سروس بند ہونے کے بعد اطراف کے علاقوں میں بھی موبائل سروس جزوی طور پر معطل ہوگئی، فوٹو: فائل

وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر ریڈ زون ایریا میں موبائل فون سروس بند کردی گئی ۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد کے ریڈ زون ایریا میں موبائل فون سروس مکمل طورپر بند کردی گئی ہے جو تاحکم ثانی تک بند رہے گی۔ وزارت داخلہ نے پی ٹی اے کو ریڈ زون سمیت وزیراعظم ہاؤس، پارلیمنٹ ہاؤس اور دیگر حساس مقامات پر فی الفور موبائل فون سروس بند کرنے کے احکامات جاری کیے جس کے بعد پی ٹی اے نے تمام کمپنیوں کو ان علاقوں میں سروس بند کرنے کی ہدایت کردی ہیں جبکہ متعلقہ علاقوں میں سروس بند ہونے کےبعد اس کے اثرات اطراف کے علاقوں پر بھی پڑے ہیں جہاں موبائل فون سروس جزوی طور پر معطل ہوگئی ہے۔

ذرائع کے مطابق آزادی پریڈ کے موقع پر سکیورٹی خدشات کے پیش نظر موبائل فون سروس بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ وزارت داخلہ کو انٹیلی جنس اداروں کی رپورٹس بھی موصول ہوئی ہیں جس میں آزادی مارچ اور انقلاب مارچ کی آڑ میں دہشت گردی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آزادی مارچ اور انقلاب مارچ کے موقع پر سکیورٹی کی تمام صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے راولپنڈی اور اسلام آباد میں موبائل فون سروس مکمل طور پر بند کیے جانے کا فیصلہ کیا جاسکتا ہے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد میں تحریک انصاف کے آزادی مارچ اور عوامی تحریک کے انقلابی مارچ کے پیش نظر سکیورٹی کے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں جس کے تحت راولپنڈی سے اسلام آباد آنے والے تمام راستوں کو مکمل طور پر سیل کردیا گیا ہے جبکہ شہر میں 20 ہزار سے زائد سکیورٹی اہلکار بھی تعینات کیے گئے ہیں جبکہ اسلام آباد میں آرٹیکل 245 نافذ کرکے فوجی دستے بھی تعینات کیے گئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔