کاروں کی فروخت جولائی میں سال بہ سال 34 فیصد گرگئی

گزشتہ ماہ 6 ہزار 948 گاڑیاں فروخت ہوئیں جو جون 2014 کے مقابلے میں بھی 42 فیصد کم ہیں


Business Reporter August 13, 2014
گزشتہ ماہ 6 ہزار 948 گاڑیاں فروخت ہوئیں جو جون 2014 کے مقابلے میں بھی 42 فیصد کم ہیں۔ فوٹو: فائل

ملک میں رواں مالی سال کے پہلے ماہ جولائی 2014کے دوران کاروں کی فروخت سال بہ سال34فیصد کم رہی۔

آٹو انڈسٹری کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2014کے دوران 6ہزار 948 کاریں (بشمول لائٹ کمرشل وہیکلز، وین اور جیپ) فروخت کی گئیں جبکہ جولائی 2013 میں فروخت 10ہزار 579 یونٹس رہی تھی، گزشتہ ماہ کی فروخت جون 2014 کے مقابلے میں 42 فیصد کم رہی۔ اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2014 میں فروخت دسمبر2008 (67ماہ ) کے بعد سے اب تک کسی ماہ کی کم ترین فروخت ہے، دسمبر 2008 میں 3879کاریں فروخت کی گئی تھیں، کاروں کی فروخت میں کمی وفاقی بجٹ میں ایڈوانس موٹر وہیکل ٹیکس اور گاڑیوں کی ٹرانسفر پر ایڈوانس انکم ٹیکس کے نفاذ کا نتیجہ بتائی جاتی ہے۔

ٹیکس کے نفاذ کی اطلاعات کے سبب جون میں کاروں کی خریداری میں اضافہ دیکھا گیا تھا تاہم کچھ حلقوں کا کہنا ہے کہ رمضان میں کاروں کی فروخت کم رہنے اور انڈس موٹر کی جانب سے متعارف کرائی جانے والی نئی کرولا کار کی خریداری میں دلچسپی کے سبب پچھلے ماڈلز کی خریداری میں کمی بھی جولائی کے دوران کم فروخت کا بڑا سبب ہے۔ جولائی 2014کے دوران پاک سوزوکی کی فروخت 4317یونٹس رہی، انڈس موٹر کی فروخت 1106یونٹس رہی، کرولا کے نئے ماڈلز اور پنجاب حکومت کی کیب اسکیم کے لیے کاروں کی خریداری کے سبب آئندہ مہینوں میں فروخت بڑھنے کی توقع کی جا رہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں