پیڈٹ آتے ہی چھا گئے زمبابوے نے جنوبی افریقا کے سامنے ہتھیار ڈال دیے

ہرارے ٹیسٹ میں پروٹیز اسپنر پیڈٹ 8 وکٹیں لیتے ہوئے بطور اسپنر ڈیبیو پر بہترین پرفارمنس کا ریکارڈ بنالیا

مہمان ٹیم نے 41 رنز کا آسان ہدف ایک وکٹ پر حاصل کیا۔ فوٹو: اے پی

ہرارے ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ نے زمبابوے کو 9 وکٹ سے پچھاڑ دیا، ڈین پیڈٹ آتے ہی چھا گئے،انھوں نے میچ میں8 وکٹیں لیتے ہوئے بطور اسپنر ڈیبیو پر بہترین پرفارمنس کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔

مہمان ٹیم نے 41 رنز کا آسان ہدف ایک وکٹ پر حاصل کیا، اس سے قبل میزبان سائیڈ نے دوسری اننگز میں 181 رنز پر ہتھیار ڈال دیے، پیڈٹ نے4 وکٹیں لیں۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کو بولرز کے شاندار کھیل کی بدولت صرف 41 رنز کا ہدف ملا جو اس نے ایک وکٹ پر حاصل کرلیا، ڈین ایلجر (21)جس وقت ٹینڈائی چتارا کی گیند پر ان سائیڈ ایج کی وجہ سے بولڈ ہوئے تب کامیابی کیلیے صرف2رنز درکار تھے، الویرو پیٹرسن 17 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے، اس سے پہلے زمبابوے نے چوتھے دن کے کھیل کا آغاز 28 رنز ایک وکٹ سے کیا، جلد ہی ڈونلڈ ٹریپانو 5 رنزپر پیڈٹ کی وکٹ بن گئے۔


ورمیولین نے اسٹین کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہونے سے قبل 21 رنز جوڑے ، پیڈٹ کا اگلا شکار اوپنر ووسی سبانڈا ثابت ہوئے، انھوں نے اپنی ہی گیند پر کیچ تھاما، سبانڈا نے 45 رنز بنائے، کپتان برینڈن ٹیلر(5)پیڈٹ کی گیند پر ایلجر کا کیچ بنے، ریگس چاکابووا مورکل کی گیند پر بولڈ ہوئے، انھوں نے 15 رنز بنائے، مورکل کے اگلے اوور میں سین ولیمز (3) ڈومنی کو کیچ تھماکر چلتے بنے، رچمونڈ موتمبامی نے قدرے بہتر کھیلتے ہوئے 43 رنز بنائے، انھیں ڈیل اسٹین نے وکٹ کیپر ڈی کاک کی مدد سے قابو کیا، جان نیمابو (13) کا بھی پیڈٹ نے اپنی ہی گیند پر کیچ لے کر شکاروں کی تعداد چار کرلی، تناشے پیان گرا (2) کو اسٹین نے بولڈ کیا۔

پیڈٹ نے میچ میں 152 رنز کے عوض 8 وکٹیں لیں، انھیں عمران طاہر کی جگہ اس ٹیسٹ میں کھلایا گیا، اس سے قبل ڈیبیو پر بہترین پرفارم کرنے والے اسپنر کا اعزاز اے ین اسمتھ کو حاصل تھا جنھوں نے انگلینڈ کے خلاف 1947 میں 189 رنز کے عوض 7 وکٹیں لی تھیں۔ اسٹین نے بھی حالیہ مقابلے میں 84 رنز دے کر 8 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔
Load Next Story