پاکستان ایک نظر میں مارچوں کا موسم اور مشرف کا بھوت

ارد گرد کھڑے چہروں پر نظر ڈالی جائی تو مشرف کے لیے ان کے دل میں اٹھنے والی ہوک کو سمجھا جاسکتا ہے ۔


شاہد اقبال August 13, 2014
ارد گرد کھڑے چہروں پر نظر ڈالی جائی تو مشرف کے لیے ان کے دل میں اٹھنے والی ہوک کو سمجھا جاسکتا ہے ۔ فوٹو فائل

تیسری دنیا میں بسنے والی انسان نما مخلوق کے بہت سے مشترکہ دکھوں میں سے ایک دکھ یہ بھی ہے کہ یہاں آمر اقتدار سے دھتکارے جانے کے باوجود طاقت ور رہتے ہیں اور عوام کے ووٹوں سے منتخب ہونے والے اقتدار کی کرسی پر بیٹھنے کے باوجودسوکھے پتوں کی طرح لرزتے رہتے ہیں۔ مشرف کو اقتدار کے کوچے سے بے آبرو ہو کر نکلے چھ سال ہونے کو آئے ہیں لیکن ہماری سیاسی جماعتوں کی ساری کوششوں کا محور آج بھی مشرف کو بچانا یا اسے لٹکانا ہے۔ نواز شریف بھاری اکثریت لے کر حکومت میں آئے لیکن صرف ایک سال بعد ہی ان کی حکومت پر کپکپی طاری ہے ۔ انقلابوں اور آزادی مارچوں میں گھری ہوئی پاکستان کی ناتواں جمہوریت ایک دفعہ پھر کسی متوقع گینگ ریپ کا شکار ہونے کے خیال سے لرزہ بر اندام ہے اور تیسری دنیا کی انسان نما مخلوق زندہ باد مردہ باد آوے ہی آوے اور جاوے ہی جاوے کے نعرے لگانے میں حسب معمول مست ہے!

اس اٍمر کو سمجھنے کے لیے افلاطون ہونے کی ضرورت نہیں ہے کہ طاہر القادری صاحب کے انقلابی اور عمران خان کے آزادی مارچ نے پاکستان میں جس سیاسی عدم استحکام کو جنم دیا ہے اس کا فائدہ ان انقلابیوں کو ہو نہ ہو سابقہ آمر پرویز مشرف کوضرور ہوگا۔ بہت سے ذہنوں میں اس سوال نے جنم لینا شروع کر دیا ہے کہ کہیں آزادی مارچ مشرف کو آزادی کا پروانہ تھموانے کے لیے تو نہیں رچایا جا رہا؟ کہیں انقلاب کی ساری تان اس انتشار پر تو نہیں ٹوٹے گی جس کا فائدہ اٹھا کر مشرف سارے گناہوں سے دھل دھلا کر پردیس سدھار جائے گا؟ کہیں وہ جن کے ہاتھ میں اصل اقتدار کی لاٹھی ہے اپنے پیٹی بھائی کو بچانے کے لیے انقلابیوں اور نئے پاکستان والوں کو اپنی کئی دہائیوں سے آزمودہ ٹکٹکی پر تو نہیں نچا رہے ؟سوالوں کا اژدحام ہے اور عام پاکستانی کی اکثریت اس گومگو کیفیت میں ہے کہ کس پر اعتماد کیا جائے اور کون ناقابل اعتماد ہے؟

دلچسپ بات یہ ہے کہ 14 اگست کو مارچوں کی یلغار کرنے والے انصافیوں اور انقلابیوں کے بیان کیے گئے مقاصد میں بعدِ مشرقین ہے۔ ایک طرف قادری سارے نظام کو تلپٹ کر کے ایک خیالی انقلابی کونسل کے ذریعے ملک پر راج کرنے کے سپنے خود بھی دیکھ رہے ہیں اور اپنے پیرو کاروں کو بھی دن رات یہ بے سرو پا خواب دکھا رہے ہیں تو دوسری طرف عمران خان انقلابی اصلاحات اور مڈ ٹرم انتخابات کا نعرہ لگا کر اپنے جنونی پیروکاروں کے پہلے سے ابنارمل جنون کومزید بڑھکا رہے ہیں۔ سیاست کاایک عام طالبِ علم بھی آسانی سے سمجھ سکتا ہے کہ دونوں کے مطالبات نہایت غیر سنجیدہ ہیں اور ان کا پورا ہونا ناممکنات میں سے ہے۔ اگریہ دونوں اپنے ا ن مطالبات پر ڈٹ جاتے ہیں اور ڈیڈ لاک کی کیفیت پیدا ہوجاتی ہے تو پھرفرشتے کون سا انقلاب لے کر آسمانوں سے اتریں گے یہ سمجھنا زیادہ مشکل نہیں۔

طاہر القادری کے ارد گرد کھڑے چہروں پر نظر ڈالی جائی تو مشرف کے لیے ان کے دل میں اٹھنے والی ہوک کو سمجھا جاسکتا ہے ۔ مشرف کی سرکار سے فیض اٹھانے والوں میں چوہدری برادران اورشیخ رشید سب سے نمایاں تھے اور اب ستم ظریفی یہ ہے کہ قادری صاحب کے انقلاب کی مشاورتی باگ بھی انہی کے ہاتھ میں ہے۔ مشرف کے کھائے گئے نمک کو حلال کرنے والے صرف قادری صاحب کے انقلاب کی رتھ پر ہی سوار نہیں بلکہ عمران خان کے نئے پاکستان کی ویگن بھی مشرف سے محبت کرنے والوں سے بھری ہوئی ہے۔ پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین مشرف کے محبوب ترین وزر ا میں سے ایک تھے۔ وہ اور ان جیسے موقع پرستوں کا ایک جتھا اس وقت عمران کواسی طرح گھیرے ہوئے ہے جیسے کبھی یہ مشرف کے گرد قوالی کیا کرتا تھا۔ عمران کو ایک اندھے مارچ کی طرف دھکیلنے میں یقیناًاس جتھے نے بہت اہم کردار ادا کیا ہے ۔ جذباتی کپتان کی نیت پر شک نہیں کیا جاسکتا لیکن ان کے مشیروں کی نیتوں پر بڑے بڑے سوالیہ نشان مشرف والی تھیو ری کو تقویت پہنچا رہے ہیں۔اسی طرح مشرف کا گذشتہ روز آل پاکستان مسلم لیگ سے ٹیلیفونک خطاب بھی بے معنی نہیں۔

پاکستانی سیاست پر نظر رکھنے والے جانتے ہیں کہ مشرف کے خلاف بنائے گئے غداری کے مقدمات پر آمریت کے لیے مستقبل کے دروازے کھلے رکھنے کی خواہش پالنے والے کچھ حلقوں کو سخت تکلیف تھی۔ دکھ یہ ہے کہ حق گوئی اور بے باکی کا پرچارک عمران خان جو سیاست کی غلاظتوں میں گھرنے سے پہلے ایک سیدھا ، سچا اور کھرا انسان تھا اس ساری کم پین میں سب سے آگے ہے ۔ لیڈری کے نشے میں شاید عمران خان یہ بھول گئے ہیں کہ جب میڈیا بے توقیر ہو جائے، عدلیہ سے اعتماد اٹھ جائے اور حکومت گالی بن جائے تو پھر انقلاب کے پھریرے اڑاتی سیاسی جماعتیں بھی بے معنی ہو جاتی ہیں اور اعتماد کے قابل صرف فرشتے ہی رہ جاتے ہیں۔

عمران پچھلے کئی سالوں سے نون لیگ کے خلاف نفرت کے جو بیج اپنے ماننے والوں کے دلوں میں بوتے رہے ہیں اب حکومت گرا کر اس کا پھل کاٹنا چاہتے ہیں لیکن نفرت کی یہ فصل کون کاٹے گا اور اس کا پھل کون کھائے گا اس کا فیصلہ شاید عمران کے ہاتھ میں نہ رہے۔کون جانے مشرف کا بھوت کب تک پاکستانیوں سے ناکردہ گناہوں کا خراج وصول کرتا رہے لیکن کم از کم عمران کو اس سیاہی سے اپنی سیاست داغدار نہیں کرنی چاہیے!۔

نوٹ: روزنامہ ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 500 سے 800 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر ، فیس بک اور ٹویٹر آئی ڈیز اوراپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ [email protected] پر ای میل کریں۔ بلاگ کے ساتھ تصاویر اورویڈیو لنکس بھی بھیجے جا سکتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں