PESHAWAR:
وفاقی حکومت نے تحریک انصاف کی جانب سے الیکشن میں دھاندلی کے الزامات پر تحقیقات کے لئے سپریم کورٹ کو جوڈیشل کمیشن بنانے کے لئے درخواست لکھ دی ہے جو رجسٹرار سپریم کورٹ کو موصول ہوگئی ہے ۔
ایکسپریس نیوز کےمطابق وزیراعظم نوازشریف نے گزشتہ روز قوم سے خطاب کے دوران تحریک انصاف کی جانب سے الیکشن میں دھاندلی کے لگائے گئے الزامات کی تحقیقات کے لئے جوڈیشل کمیشن بنانے کے اعلان کیا تھا جس کے بعد وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کو کمیشن بنانے کے لئے خط لکھ دیا ہے جس میں سپریم کورٹ سے درخواست کی گئی ہے کہ دھاندلی کے الزامات کی شفاف تحقیقات کے لئے 3 رکنی عدالتی کمیشن بنایا جائے۔
دوسری جانب ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے بھیجی گئی درخواست سپریم کورٹ کو موصول ہوگئی ہے جسے رجسٹرار نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ناصر الملک کو پیش کردیا ہے، ذرائع کا کہنا ہےکہ حکومت کی درخواست پر جوڈیشل کمیشن کی تشکیل اور اس میں شامل ججوں کے آج ہی نامزد ہونے کا امکان ہے جبکہ کمیشن میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے جج صاحبان کو شامل نہ کیے جانے کا بھی امکان ہے۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے وزیراعظم نوازشریف کے استعفیٰ تک کسی بھی کمیشن کوتسلیم کرنے سے انکارکرتے ہوئے14 اگست کو ہرصورت لانگ مارچ کرنے کا اعلان کررکھا ہے۔