مارچ اور دھرنے والے یوم آزادی کو متنازع بنانے نکلے ہیں شہباز شریف

دھرنے اور مارچ کرنے والے اگر پاکستان کے لئے لانگ مارچ کریں تو اس میں سب سے آگے چلوں گا، وزیر اعلیٰ پنجاب

ماضی میں جب اربوں روپے کےقرضے معاف کرائے گئے تب کسی نے لانگ مارچ نہیں کیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کہتے ہیں کہ مارچ اور دھرنے والے آج کا دن متنازع بنانے نکلے ہیں اگر وہ پاکستان کے لئے لانگ مارچ کریں تو وہ اس میں سب سے آگے چلیں گے۔


لاہور میں مزار اقبال پر حاضری کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی یوم آزادی کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم کی زیر قیادت ہمارے بزرگوں نے اس وطن کو حاصل کیا اور لاکھوں لوگ صرف اس لئے اپنا سب کچھ چھوڑ کر اس دھرتی میں آئے کہ انہیں ان کے خوابوں کی زمین مل گئی ہے۔ آج کے دن وہ قائد اعظم اور ان کی رہنمائی میں قربانیاں دینے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افسوس ہے کہ علامہ اقبال کی سنہری شاعری پرہم نے عمل نہیں کیا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج ملک کا 68واں یوم آزادی ہے،آج کے دن کا پیغام ملک کا استحکام ہے لیکن مارچ اور دھرنے والے آج کا دن متنازع بنانے نکلے ہیں۔ ہزاروں بے گناہ لوگ دہشتگردی کا نشانہ بنے اور یہ لوگ کہتے ہیں کہ طالبان سے گفت و شنید کرو۔ میٹرو بس پر تنقید کرنےوالے بلٹ پروف گاڑیوں میں سفر کرتے ہیں۔ ہم نے غریب کے بچوں کے لئے اسکول بنائے تو مخالفین کے پیٹ میں درد ہوگیا۔ ماضی میں جب اربوں روپے کے قرضے معاف کرائے گئے تب کسی نے لانگ مارچ نہیں کیا۔ دھرنے اور مارچ کرنے والے اگر پاکستان کے لئے لانگ مارچ کریں تو وہ سب سے آگے چلیں گے۔
Load Next Story